دہشت گرد کراچی کا امن سبوتاژ کرنا چاہتے ہیںرابطہ کمیٹی

محمد مجاہدکی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت،الطاف حسین کی جانب سے تعزیت کا اظہار

محمد مجاہدکی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت،الطاف حسین کی جانب سے تعزیت کا اظہار۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے جرائم پیشہ دہشت گرد وں کے ہاتھوں ایم کیوایم پی آئی بی سیکٹر یونٹ 56کے کارکن محمد مجاہدکے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور ایم کیوایم کے کارکنان کے قتل کے واقعات کوکراچی کا امن تباہ کر نے کی سازش کاتسلسل قراردیا ہے۔


ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سفاک جرائم پیشہ دہشت گرد ایک منظم منصوبہ بندی کے ذریعے شہر کے امن کو سبوتاژ کرکے پاکستان غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ۔انھوںنے کہاکہ جرائم پیشہ دہشت گرد عناصر نے گزشتہ روز بھی ایم کیوایم بلدیہ ٹائون سیکٹر کمیٹی کے رکن محمد رفیق کو فائرنگ کرکے شہید جبکہ جوائنٹ سیکٹرانچارج ارشدقریشی کوشدید زخمی کردیا تھااورآج ایم کیوایم پی آئی بی سیکٹر یونٹ 56کے کارکن وسابق یونٹ انچارج محمد مجاہد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بناکر شہیدکردیا۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ شہر میں قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے اور بے گناہ شہر یوں کو جرائم پیشہ دہشت گردوں کے رحم وکرم پرچھوڑدیاگیا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین نے جرائم پیشہ دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم محمد مجاہد کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا ہے ۔

Recommended Stories

Load Next Story