جناح اسپتال جاتے ہوئے لڑکی کے لاپتا ہونے کا ڈراپ سین

لڑکی اسپتال پہنچی ہی نہیں تھی اور اس نے غائب ہوکر پڑوسی سے پسند شادی کرلی تھی


Staff Reporter July 05, 2019
لڑکی اسپتال پہنچی ہی نہیں تھی اور اس نے غائب ہوکر پڑوسی سے پسند شادی کرلی تھی (فوٹو: فائل)

جناح اسپتال جاتے ہوئے راستے میں لاپتا ہونے والی لڑکی کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا، لڑکی اسپتال پہنچی ہی نہیں تھی اور اس نے غائب ہوکر پڑوسی سے پسند شادی کرلی تھی۔

ایکسپریس کے مطابق دو جون کو پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار کی رہائشی لڑکی تبسم اپنی بہن کے ہمراہ گھر سے جناح اسپتال جانے کا کہہ کر نکلی اور لاپتا ہوگئی تھی تاہم اس کی بہن جناح اسپتال پہنچ گئی تھی۔

لاپتا لڑکی کے اہل خانہ نے موقف اختیار کیا تھا کہ تبسم جناح اسپتال کے الٹرا ساؤنڈ ڈپارٹمنٹ سے لاپتا ہوئی جب کہ جناح اسپتال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ چیک کی گئی تو معلوم ہوا کہ تبسم اسپتال پہنچی ہی نہیں اور صرف اس کی بہن کو جناح اسپتال داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

پولیس کے مطابق بدھ کی شب لاپتا ہونے والی لڑکی نے اپنے گھر والوں سے رابطہ کیا اور اس نے بتایا کہ اس نے پسند کی شادی کرلی ہے۔ صدر پولیس کے مطابق لاپتا لڑکی نے اپنے پڑوسی شوکت کے ساتھ شادی کرلی ہے اور نکاح نامہ بھی پیش کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق لاپتا لڑکی کے اہل خانہ نے واقعہ سے متعلق مقدمہ بھی درج نہیں کرایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں