کراچی میں ڈیری فارمز کا دودھ کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان

ہفتے سے دودھ کی سپلائی اضافہ شدہ نرخ کے مطابق ہوگی، ڈیری فارمرز


ویب ڈیسک July 05, 2019
ہفتے سے دودھ کی سپلائی اضافہ شدہ نرخ کے مطابق ہوگی، ڈیری فارمرز (فوٹو: فائل)

ڈیری فارمز نے دودھ کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کرتے ہوئے دودھ 105 روپے فی لیٹر میں فروخت کرنے کا اعلان کردیا تاہم دودھ کے دکان داروں نے اضافہ مسترد کردیا۔

ایکسپریس کے مطابق کراچی میں ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میں از خود 10 روپے فی لیٹر اضافہ کا اعلان کردیا ہے جس کے نتیجے میں دودھ کی قیمت 95 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 105 روپے فی لیٹر ہوجائے گی۔

ڈیری اینڈ کیٹل فارمز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر نے کہا ہے کہ دودھ کی قیمت میں اضافہ ڈیری فارمرز کی تمام انجمنوں کا متفقہ فیصلہ ہے اور اس فیصلے پر آئندہ 24 گھنٹوں میں عمل درآمد ہوگا یعنی ہفتے کے دن سے دودھ کی سپلائی نئے نرخ پر ہوگی۔

دوسری جانب دکان داروں کی نمائندہ انجمن کراچی ملک ریٹیلر انجمن نے ڈیری فارمرز کی جانب سے کیا گیا اضافہ مسترد کردیا ہے۔ خوردہ فروشوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نوٹی فکیشن جاری ہوئے بغیر خوردہ قیمت نہیں بڑھائی جائے گی کیونکہ غیر سرکاری قیمت بڑھانے پر دکان داروں کو چھاپوں جرمانوں اور جیل کی سزا کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور دودھ کی تجارت میں سب سے زیادہ نفع کمانے والے ہول سیلرز یا ڈیری فارمرز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی اور گاہکوں کا غصہ بھی دکان داروں کو جھیلنا پڑتا ہے۔

واضح رہے کہ سرکاری سطح پر دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے شہر میں دودھ کے سرکاری نرخ تاحال 95 روپے فی لیٹر ہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں