توانائی کے تمام منصوبوں کو شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا شہباز شریف

قائداعظم سولر پارک کی حد بندی کر لی گئی ہے،انرجی منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے،شہبازشریف

توانائی کا حصول ہمارے ایجنڈے میں سرفہرست ہے، 400 میگاواٹ کے انرجی منصوبوں کو 6 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، شہباز شریف. فوٹو: فائل

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ برس کے آغاز میں قائداعظم سولر پارک سے توانائی کی پیداوار کے حصول کے ہدف کو یقینی بنایا جائے، توانائی کے منصوبوں کو شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت پنجاب انرجی کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزرا چوہدری شیر علی خان، مجتبیٰ شجاع الرحمان، چوہدری محمد شفیق، ڈاکٹر فرخ جاوید، چیف سیکریٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ سیکرٹریز کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں انرجی کونسل نے جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور میں 2 مقامات پر قائداعظم سولر پارک بنانے کی منظوری دے دی۔


اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بہاولپورلال سوہانرا پارک کے ساتھ 11 ہزار ایکڑ جبکہ دین گڑھ چولستان میں 10 ہزار ایکڑ اراضی پر قائداعظم سولر پارک بنائے جائیں گے، پہلے مرحلے میں بہاولپور کے قائداعظم سولر پارک میں ایک ہزار میگاواٹ سولر انرجی کے منصوبے لگائے جائیں گے، 100میگاواٹ سولر انرجی کی پیداوار کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ برس کے آغاز میں قائداعظم سولر پارک سے توانائی کی پیداوار کے حصول کے ہدف کو یقینی بنایا جائے، 400 میگاواٹ کے انرجی منصوبوں کو 6 ماہ میں مکمل کیا جائے اور قائداعظم سولر پارک کا مکمل ڈیزائن اور رہائشی کالونی کا منصوبہ اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک کی حد بندی کر لی گئی ہے اور انرجی منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے ہرممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے، توانائی کا حصول ہمارے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک آف پنجاب انرجی منصوبوں کے حوالے سے فنانسنگ ماڈل تیار کرکے پیش کرے، اجلاس کے دوران کمشنر بہاولپور، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری آب پاشی اور سیکرٹری توانائی کے علاوہ بینک آف پنجاب کے صدر نے قائداعظم سولر پارک کے حوالے سے بریفنگ دی۔

Recommended Stories

Load Next Story