ورلڈ ٹائٹلز جیتنے والے قومی پلیئرزپذیرائی نہ ملنے پر رنجیدہ

حکومتی عدم توجہی کے باوجود ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے، عالمگیر شیخ


Sports Reporter July 07, 2019
حکومتی عدم توجہی کے باوجود ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے، عالمگیر شیخ۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ نے کہا ہے کہ حکومتی بے حسی اور عدم توجہی کے باوجود اپنے وسائل کو بروئے کار لاکرملک و قوم کے لیے عالمی اعزازات کے حصول میں کردار ادا کر تے رہیں گے۔


پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ نے نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی اسنوکرکے کھیل میں کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، قومی کیوئسٹ محدود سہولیات کے باوجود اپنے عزم اوراعتماد کے ساتھ محنت کرتے ہوئے عالمی مقابلوں میں مسلسل شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، لیکن ان کو وہ پذیرائی نہیں مل رہی جس کے وہ حقدار ہیں۔


انھوں نے کہاکہ عالمی مقابلوں کے لیے معاونت توکجا قومی ایسوسی ایشن کو توسالانہ گرانٹ تک نہیں فراہم کی جارہی جوکسی المیہ سے کم نہیں، عالمگیر شیخ نے کہا کہ قطرکے شہردوحا میں منعقدہ اسنوکر سرکٹ میں پاکستان نے بہترین کارکردگی پیش کرکے اپنی اہلیت تسلیم کروائی۔


عالمی ٹیم کپ اسنوکرچیمپئن شپ کے فائنل میں اسجد اقبال اور محمد بلال پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے سابق عالمی چیمپئن پنکج ایڈوانی اورلکشمن راوت پر مشتمل بھارت کی مضبوط ٹیم کوشکست دیکرٹائٹل اپنے نام کیا، 5 فریمز کے اس مقابلے میں پاکستان نے 3-1 سے کامیابی پائی۔


قبل ازیں اے سی بی ایس 6 ریڈ اسنوکر چیمپئین شپ میں پاکستان نے ایک سلور اور ایک برانز میڈل حاصل کیا،ان تمام اعزازات کو حاصل کرنے والے قومی کھلاڑیوں کو وطن پہنچنے پر شدید مایوسی کا سامنا رہا اورکوئی حکومتی عہدیدار ان کوخوش آمدید کہنے کے لیے نہیں آیا۔


عالمگیر شیخ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان خود اسپورٹس مین رہے ہیں، اس ناطے ان کوکھیلوں اورکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں