گورنرسندھ کی یقین دہانی پر کراچی کے تاجروں نے ہڑتال کی کال واپس لے لی

گورنر اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کامیاب


ویب ڈیسک July 07, 2019
تاجروں نے گیارہ نکاتی ایجنڈا ہمارے سامنے رکھا، گورنر سندھ، فوٹو: فائل

گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کے بعد کراچی کے تاجروں نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تاجر ایکشن کمیٹی کے ارکان نے گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کرکے اپنے تحفظات اور مطالبات پیش کیے، گورنر اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کامیاب رہے اور وفاقی حکومت کی جانب سے یقین دہانی کے بعد تاجروں نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایکشن کمیٹی نے ہمارے سامنے 11 نکاتی ایجنڈہ رکھا جس پر انہوں نے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے ٹیلی فون پر بات کی، چیئرمین ایف بی آر نے یقین دلایا کہ وہ تاجروں کے تحفظات دور کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے معاشی مسائل ٹیکس دینے سے حل ہوتے ہیں، ٹیکس دیں گے تو ملک قرضوں سے نکلے گا۔

عمران اسماعیل نے (ن) لیگ کی جانب سے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو پر ردعمل میں کہا کہ مجھے یقین ہے لیک ہونے والی ویڈیو جعلی ہے، فرانزک آڈٹ میں جلد سچ سامنے آ جائے گا۔

اس موقع پرتاجر ایکشن کمیٹی کے ممبران نے کہا کہ وفاقی حکومت کی یقین دہانی پر وہ فی الفور ہڑتال کی کال واپس لے رہے ہیں تاہم مطالبات پور ے نہ ہوئے تو ہفتے سے ہڑتال کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں