تیز ترین موسمیاتی پیشگوئی ڈوپلرریڈار اگلے سال فعال ہوجائے گا

ڈوپلرریڈار450 کلومیٹرکے دائرے میں طوفان، بارش، گرم ترین موسم کی جلداوربروقت پیش گوئی کرسکے گا،سردار سرفراز


آفتاب خان July 08, 2019
ڈوپلرریڈارکے لیے تعمیرکی جانے والی ٹرمینل بلڈنگ کا کام جاری ہے ،ریڈار اگلے سال سے موسم کی پیش گوئی شروع کردے گا

تیزترین موسمیاتی پیش گوئی کا حامل ڈوپلرریڈاراگلے سال 2020کے مون سون سے پہلے فعال ہوجائے گا،محکمہ موسمیات بلڈنگ کراچی میںنصب ہونے والے جدید ڈوپلر ریڈارکے ذریعے جلد پیش گوئی ممکن ہوسکے گی۔

1991 میں نصب ریڈارکے مقابلے میں کئی گنا تیزی سے موسمیاتی صورتحال کا پتہ چل سکے گا،ڈوپلرریڈار450 کلومیٹر کے دائرے میں طوفان،بارش،گرم ترین موسم کی تیز اور بروقت پیش گوئی کرے گاتفصیلات کے مطابق انالاگ سے ڈیجیٹل ڈوپلر ریڈارکی جانب سفر کے تسلسل میں شہرقائد میں لگ بھگ 28 سال بعد پرانے ریڈارکی جگہ نئے ڈوپلر ریڈار کی تنصیب کے لیے کام جاری ہے،جائیکا جاپان کے تعاون سے نصب ہونے والے ریڈار کی ٹرمینل بلڈنگ کی تعمیرکا کام حتمی مراحل میں داخل ہوچکا ہے ڈوپلر ریڈارمنصوبے کے لیے درکارجدید آلات پہنچادیے گئے ہیں،نصب ہونے والا نیا جدید ڈوپلرریڈار 1991 میں نصب ریڈار سے کئی گنا تیز رفتار موسمیاتی حالات کا پتہ لگانے کی صلاحیت رکھتاہے جس سے پڑوسی ملک ایران اور ہندوستان سمیت دیگر پہلے سے استفادہ کررہے ہیں۔

ڈوپلر ریڈارکی تنصیب پر ایک ارب 80کروڑروپے لاگت آرہی ہے جس کے لیے97فیصد سرمایہ جائیکا جاپان مہیا کررہا ہے جبکہ 3فیصد لاگت حکومت پاکستان برداشت کرے گی،ابتدائی مرحلے میں ریڈار اور اس کے مکمل آلات کی تنصیب کے لیے17منزلہ بلڈنگ ٹرمینل کی عمارت تعمیر کی جارہی ہے جس کا کام کافی حدتک مکمل ہوچکا ہے جس کے بعد ریڈارکے الیکٹرونکس آلات کی تنصیب کاعمل مکمل کیا جائیگا، محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے سال مون سون 2020 سے پہلے نصب ہونیوالا نیا ڈوپلر ریڈارآپریشنل ہوجائے گا،اس دوران پہلے سے نصب پرانے ریڈار سے موسم کی جان کاری کی جائیگی،چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق ریڈار کو آپریٹ کرنے کے لیے جاپانی ماہرین کی جانب سے محکمہ موسمیات کے پاکستانی انجینئرز کو تیکینکی تربیت فراہم کی جائیگی،ڈوپلر ریڈارکی تنصیب کا منصوبہ 2020تک مکمل ہوگا اور اگلے مون سون سے قبل ریڈارمکمل طورپر فعال ہوئے گا چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق ڈوپلر ریڈارسی بینڈ ریڈار ہے جبکہ اس سے قبل استعمال ہونے والا ریڈارایس بینڈ ہے۔

ویو لینتھ 10سینٹی میٹر اوراس سے پہلے والے کی 5سینٹی میٹرہے،یوںآسان لفظوں میں کہا جاسکتا ہے کہ پرانے ریڈار کے مقابلے میں اس کی موسمیاتی حالات کے بارے میں پیش گوئی کی استعدار دگنی ہے،ان کا کہنا ہے کہ ڈوپلرریڈارکے ذریعے کراچی کے چاروں طرف 450کلومیٹر پر محیط رقبے میں شارٹ ٹرم ویدرفارکاسٹ کوریج ممکن ہوسکے گی،شہر کی جانب بڑھنے والے تھنڈراسٹروم،کلاوڈ ماسک سمیت دیگر غیر معمولی سرگرمیوں کا مشاہدہ بیک وقت مشرق،مغرب،شمال اورجنوب چاروں جانب سے کیا جاسکے گا جبکہ جدید نظام کے ذریعے ناؤکاسٹنگ کے تحت 2سے6گھنٹے کی شارٹ رینج فورکاسٹ میں ملی میٹر یا سینٹی میٹر میں بارشیں ہونے کے حوالے سے بھی قبل ازوقت بتایا جاسکے گا۔

اس طرح سے ٹاؤن پلاننگ میںآسانی ہوگی اوربارش کے پانی کے اخراج کے لیے پیش بندی کوممکن بنایا جاسکے گا،اگرکوئی سسٹم شہرکے قرب وجوارمیںگزرہاہوگا،اس کی بارشوںکی شدت کا اندازہ ہوسکے گا،سردارسرفرازکے مطابق ڈوپلر ریڈارکی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے کسی بھی طوفان،بارش،ہوایاکسی غیر معمولی موسمیاتی پیش گوئی کے علاوہ یہ ڈوپلر ریڈار ایوی ایشن کے لیے بھی بہت ہی زیادہ معاون ثابت ہوگا کیونکہ عام طورونڈشیئر کے دوران آسمان صاف دکھائی دیتا ہے،مگربالائی سطح پر دومختلف سمتوں کی تندوتیز ہوائیں چل رہی ہوتی ہے،جو فضاوں میں محوپرواز جہازوں کے لیے اکثروبیشترمشکلات کا سبب بن جاتی ہیں،محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا بازی اور سمندر میں بحری جہازوں کوتیزترموسمیاتی معلومات فراہم کی جاسکے گی ،پروازوں اور بحری جہازوں کو خطروں سے محفوظ رکھا جاسکے گا ،بین الاقوامی شپنگ اور بحری جہازوں کی ٹریفک کی پیش گوئی کے نظام میں بہتری آئیگی۔

طوفان ،بارش ،گرم ترین موسم اوردیگر قدرتی آفات کی صورت میں تیز ترین آگاہی ممکن ہوگی ،کھلے سمند ر میں دوسوکلومیٹر کے رقبے میں شکار کرنے والے ماہی گیروں کو تیز ترین موسمیاتی صورتحال سے آگاہ کیا جاسکے گا ،بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے اٹھنے والے سمندری طوفانوں کی بروقت اطلاع ممکن ہوگی ،بلوچستان اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں مقیم آبادیوں کو درست پیش گوئی اور انتباہ سے متعلق آگاہی دی جاسکے گی ،نئے ریڈار کی تنصیب سے پاکستان میں قدرتی آفات کے باعث جانی و مالی نقصانات کو کم کیا جاسکے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں