جعلی اکاؤنٹس کیس فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

نیب گزشتہ ریمانڈ پر فریال تالپور سے ایک دن بھی تفتیش نہیں کرسکا


ویب ڈیسک July 08, 2019
نیب گزشتہ ریمانڈ پر فریال تالپور سے ایک دن بھی تفتیش نہیں کرسکا فوٹو:فائل

احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں رکن سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشد ملک نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی تو نیب نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو عدالت میں پیش کیا۔

نیب نے فریال تالپور کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ریمانڈ پر فریال تالپور سے ایک دن بھی تفتیش نہیں ہو سکی، کیونکہ جس دن ان کا ریمانڈ ہوا اْسی دن اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی نے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے اور وہ پروڈکشن آرڈر پر سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے کراچی چلی گئیں اور کل شام واپس آئی ہیں۔

فریال تالپور کے وکیل نے عدالت سے انہیں جسمانی ریمانڈ سے استثنیٰ دینے کی استدعا کی تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جسمانی ریمانڈ میں استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا۔ عدالت نے فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 22 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں نے آصف زرداری سے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو سے متعلق سوال کیے تاہم انہوں نے موقف دینے سے انکار کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔