وزیراعظم عمران کا سفارتخانے میں قیام امریکی حکام کو تشویش

امریکی حکام نے وزیراعظم عمران خان کو ہوٹل میں ٹھہرانے کی پیشکش کی ہے۔


رضوان غلزئی July 09, 2019
امریکی حکام نے وزیراعظم عمران خان کو ہوٹل میں ٹھہرانے کی پیشکش کی ہے۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران کفایت شعاری مہم نے امریکی سیکیورٹی حکام کے لیے مشکل کھڑی کردی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران پاکستانی سفیر کے گھر قیام کے فیصلے سے امریکی سیکیورٹی حکام میں تشویش پائی جارہی ہے۔

واشنگٹن کی شہری انتظامیہ اور سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ واشنگٹن کے میسچوسیٹ ایوینیو پر پاکستانی سفیر کی رہائشگاہ کے اطراف رہائشی ایریا ہے، وزیراعظم عمران خان کی سفیر کے گھر سے آمد و رفت میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی صدارتی مہمان خانے بلیئر ہائوس کی تزئین آرائش کی جارہی ہے جس کی وجہ سے امریکی حکام نے وزیراعظم عمران خان کو ہوٹل میں ٹھہرانے کی پیشکش کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان 20 جولائی کو امریکا روانہ ہونگے اور 21 جولائی کو امریکا پہنچیں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ون آن ون ملاقات 22 جولائی کو ہوگی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم پاکستان اور امریکی صدر کے درمیان وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینیٹرز اور کانگریس ارکان کی ملاقات اور امریکا میں قائم پاکستان کاکس کے ارکان کی ملاقاتیں بھی شیڈول کی جارہی ہیں۔ وزیراعظم چھوٹے خصوصی جہاز (گلف اسٹریم) کے ذریعے امریکا جائیں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا نے ایکسپریس کو بتایا ہے کہ وزیراعظم کے طیارے، قیام اور وفد سے متعلق مشاورت جاری ہے، حتمی فیصلہ جلد کر لیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں