سندھ حکومت وفاق کے ساتھ ملکر کام کریگی زرداری

بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی ملک سے جیتے گی، سندھ کابینہ کے اجلاس سے خطاب


پارٹی معاملات خود دیکھوں گا، سابق صدر کراچی پہنچ گئے، رہنماؤں سے ملیں گے فوٹو: فائل

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت وفاق کے ساتھ مل کر کام کرے گی، سندھ کی عوام نے جو مینڈیٹ پیپلز پارٹی کودیا ،پیپلز پارٹی بھی عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی کثر باقی نہیں چھوڑے گی ، باقاعدہ طور پر پارٹی معاملات کو دیکھوں گا ، بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی ملک کی کامیاب جماعت ہوگی۔

وہ منگل کو نوڈیرو ہاؤس میں سندھ کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ سندھ کابینہ کے اجلاس میں سابق صدر آصف زرداری، سید اویس مظفر سمیت ایم این اے فریال تالپور ،نعمان اسلام شیخ ،ڈاکٹر نفیسہ شاہ ،صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن ،مکیش چاولہ ،ایم پی ایز منظور وسان ،ربینہ قائم خانی اور دیگر نے شرکت کی جن کی جانب سے آصف علی زرداری کو ان کی پانچ سالہ صدارتی آئینی مدت مکمل کرنے پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ بعدازاں سابق صدر لاڑکانہ میں ایک روزہ مختصر دورے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے ہمراہ واپس کراچی روانہ ہوگئے ۔



سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر بلدیات سید اویس مظفر کے ہمراہ گڑھی خدا بخش بھٹو پہنچ کر شہید بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے مزارات پر حاضری دی پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔سابق صدر وزیر اعلی ٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی سیکیورٹی میں ہی کراچی سے لاڑکانہ پہنچے اور ایک دن کے قیام کے بعد ان کے ہمراہ ہی کراچی واپس روانہ ہوگئے۔ سابق صدر نے سوائے پیپلز پارٹی کے اراکین قومی و صوبائی ا سمبلی کے علاوہ کسی سے ملاقات نہ کی۔

اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کی سوچ، سمجھ، سیاسی بصیرت و تدبر کی بدولت 1973ء کے آئین کی بحالی ہوئی اور صوبوں کو خود مختاری ملی۔ بعد ازاںسابق صدر آصف علی زرداری منگل کی شام کراچی پہنچ گئے ۔ کچھ دن کراچی میں قیام کریں گے اور وہ پیپلزپارٹی کے رہنمائوںاور دیگر سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔