لیجنڈ اداکارہ ذہین طاہرہ انتقال کر گئیں

گزشتہ ماہ ذہین طاہرہ کو عارضہ قلب کے باعث وینٹی لیٹر پر منتقل کیاگیا تھا


ویب ڈیسک July 09, 2019
اداکارہ ذہین طاہرہ گزشتہ کافی عرصے سے شدید بیمار تھیں فوٹوفائل

فلم اور ٹی وی کی نامور اداکارہ ذہین طاہرہ طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان شوبز انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ ذہین طاہرہ طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔ ذہین طاہرہ نے پی ٹی وی سمیت نجی چینلز کے مختلف ڈراموں میں لازوال کردار نبھائے۔

اداکارہ ذہین طاہرہ نے اپنے کیریئر کا آغاز 60 کی دہائی میں کیا اور ڈراما سیریل''خدا کی بستی''، ''عروسہ'' ، ''دستک''،''ماسی اور ملکہ''،''شمع''،''دل دیا دہلیز'' اور''کہانیاں'' سمیت 700 سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اداکارہ ذہین طاہرہ نے ڈراموں کے علاوہ کئی فلموں میں کردار نگاری بھی کی، وہ متعدد ڈراموں کی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بھی رہیں۔ انہوں نے ڈراموں کے ساتھ گلوکاری میں بھی اپنے فن سے شائقین کو محظوظ کیا۔

2013 میں ذہین طاہرہ کو پاکستان ٹیلی ویژن میں گراں قدر خدمات انجام دینے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

واضح رہے کہ اداکارہ ذہین طاہرہ گزشتہ کافی عرصے سے شدید علیل تھیں جب کہ گزشتہ ماہ انہیں عارضہ قلب کے باعث وینٹی لیٹر پر منتقل کیاگیا تھا۔ ملک کی لیجنڈ اداکارہ کی طبعیت خرابی کی خبر سن کر شوبز سے وابستہ دیگر شخصیات اور ان کے مداحوں کی جانب سے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کی گئیں تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں