ندیم ہاشمی کی گرفتاری کے بعد کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں حالات کشیدہ

کراچی سمیت حیدرآباد اور سکھر میں بھی نامعلوم افراد نے کاروبار بند کرا دیا ہے جبکہ سڑکوں سے ٹریفک بھی غائب ہے۔


ویب ڈیسک September 11, 2013
کراچی سمیت حیدرآباد اور سکھر میں بھی نامعلوم افراد نے کاروبار بند کرا دیا ہے جبکہ سڑکوں سے ٹریفک بھی غائب ہے۔ فوٹو راشد اجمیری/فائل

ایم کیو ایم کے سابق رکن سندھ اسمبلی ندیم ہاشمی کی گرفتاری کے باعث کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں حالات کشیدہ ہیں جبکہ نامعلوم افراد نے مختلف مقامات پر 3 گاڑیاں نذر آتش کردیں۔

کشیدگی کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں کاروباری مراکز اور پٹرول پمپ مکمل طور پر بند ہے جبکہ آل ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھے جانے کے اعلان کے بعد سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے جس کے باعث شہریوں کو آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے اسکولز بند رکھنے کے اعلان کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں اسکول بند ہیں، نجی اور سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری نہ ہونے کے برابر ہے جب کہ جامعہ کراچی میں آج ہونے والے بی ایڈ، بی پی ایڈ اور ڈی سی ایچ کے امتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے جن کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ندیم ہاشمی کی گرفتاری کے بعد شہر کی کشیدہ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نامعلوم شرپسندوں نے کورنگی کے علاقے ناصر جمپ کے قریب مسافر کوچ کو آگ لگادی، اورنگی، ناگن چورنگی اور گلستان جوہر کے علاقوں میں 3 گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں جبکہ لیاقت آباد کے علاقے میں مشتعل افراد نے سڑکوں پر ٹائر جلائے اور سڑک بلاک کردی۔

دوسری جانب حیدر آباد میں لطیف آباد کے مختلف علاقوں حالی روڈ، پیرآباد، سرفراز کالونی سمیت اندرون سندھ میں صبح کھولنے والی دکانیں مشتعل افراد نے زبردستی بند کرادیں۔ سکھر میں بھی سابق رکن سندھ اسمبلی کی گرفتاری پر نامعلوم افراد سڑکوں پر نکل آئے اور بیراج روڈ، شہید گنج، گھنٹہ گھر، شاہی بازار، فریئر روڈ سمیت کئی علاقوں ميں کھلی ہوئی دکانيں بند کرادیں، شہر کے مختلف علاقوں ميں نامعلوم افراد نے ٹائر بھی نذرآتش کئے جس کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت معمول سے کم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں