مریم نواز کو نوٹس سے جج پر دباؤ اور ویڈیو کی تصدیق ہوگئی مریم اورنگزیب

اسلام آباد ہائی کورٹ کے سزا معطلی فیصلے کی موجودگی میں نیب کا نوٹس غیر قانونی ہے، ترجمان ن لیگ

اسلام آباد ہائی کورٹ کے سزا معطلی فیصلے کی موجودگی میں نیب کا نوٹس غیر قانونی ہے، ترجمان ن لیگ فوٹو:فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز کو نیب کے نوٹس اور احتساب عدالت طلبی سے جج ارشد ملک پر دباؤ اور ویڈیو کی تصدیق ہوگئی۔

احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پر مریم نواز کو طلب کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پر مریم نواز احتساب عدالت طلب


اپنے ردعمل میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے جج صاحب کی ویڈیو کا فرانزک کروالیا جس میں اس کے اصلی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے، اس لئے انہوں نے مریم نواز کو نوٹس بھیجا ہے، عمران خان پتہ تو کر لیتے اس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ مریم نواز کی سزا کو معطل کر چکا ہے ، مگر آپ کو خوف ہی اتنا ہے، نیب کا نوٹس مریم نواز کو اِس لئے ملا ہے کیونکہ عمران خان مریم نواز سے ڈرتے ہیں۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ مریم نواز کو نوٹس بھیج کر جج ارشد ملک کی ویڈیو اور ان پر عمران خان کے دباؤ کی تصدیق ہوگئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے سزا معطلی فیصلے کی موجودگی میں نیب کا نوٹس غیر قانونی ہے، عمران خان کے دباؤ میں آکر نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی توہین کی ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عدالت میں جرح کے دوران کیلیبری فونٹ ماہر تسلیم کرچکے ہیں کہ اس وقت یہ فونٹ دستیاب تھا اور وہ خود بھی استعمال کرتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے مریم نواز کے خلاف جعلی دستاویزات پر ٹرائل کے لیے درخواست دی ہے جس کے مطابق مریم نواز کی ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ثابت ہوئی ہے، اس پر احتساب عدالت نے 19 جولائی کو مریم نواز کو طلب کیا ہے۔
Load Next Story