
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے انفارمیشن کمشنر آفس کی جانب سے برٹش ایئر ویز کو صارفین کا ڈیٹا محفوظ رکھنے کے قوانین کے تحت 183 ملین پاؤنڈز کے جرمانے کا نوٹس بھیج دیا گیا۔
یہ جرمانہ برٹش ایئرویز کے 2017ء کی سالانہ کمائی کا 1.5 فیصد ہے۔ برطانوی قوانین کے تحت صارفین کا ڈیٹا چوری ہونے پر سالانہ آمدنی کا 4 فیصد تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے تاہم کمپنی نے جرمانہ کم کرنے کے لیے اپیل دائر کی ہے۔
انفارمیشن کمشنر کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ صارفین کا ڈیٹا 'ذاتی ملکیت' ہوتی ہے جسے افشاں نہیں کیا جاسکتا اور ڈیٹا کو لیک یا چوری ہونے سے بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنا ہوتے ہیں جس میں برٹش ایئرویز کو ناکام پایا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس جون میں ہیکرز نے برٹش ایئرویز کے کمپیوٹر نظام پر سائبر حملہ کرکے 5 لاکھ سے زائد صارفین کا ڈیٹا چوری کرلیا تھا جس میں صارفین کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔