ماہانہ ایک لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ

مسلسل بیرون ملک سفر کرنے والے، نئی گاڑیاں اور مہنگے موبائل فون خریدنے والے افراد بھی ہدف میں شامل ہیں، حکام ایف بی آر


Ehtisham Mufti July 09, 2019
نان فائلرز کو بیرون ملک سفر سے روکنے کی تجویز پر بھی زیرغورہے، ایف بی آر حکام۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ریونیو بڑھانے کے لیے ملک بھر سے ماہانہ ایک لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کاہدف مقررکرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ریونیو بڑھانے کی حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے ملک بھر سے ماہانہ ایک لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا ہدف مقررکرلیا۔

ایف بی آر حکام نے ایکسپریس سے خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک بھر سے کمپنیوں اور اداروں سمیت اب ایک لاکھ شہریوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ تواتر کے ساتھ بیرون ملک سفر کرنے والے، نئی گاڑیاں اور مہنگے موبائل فون خریدنے والے افراد بھی ہدف میں شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ایف بی آر کے پاس 3 کروڑ سے زائد افراد کا ڈیٹا موجود ہے، بیرون ملک متواتر سفر کرنے والوں کا ڈیٹا ایف آئی اے سے حاصل کرکےان فضائی مسافروں کی آمدنی کااندازہ لگایا جائے گا، مہنگے موبائل خریدنے والوں کا ڈیٹا پی ٹی اے سے حاصل کیا جارہا ہے، جب کہ گاڑیوں کے خریداروں کی تفصیلات موٹروہیکل رجسٹریشن ونگ سے موصول ہوجاتی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ یومیہ بنیادوں پر فروخت کی معلومات حاصل کرنےکے لئے 600 ریسٹورنٹس، فوڈ سینٹرز کو متعلقہ سافٹ ویئر سے منسلک کیا جائے گا اور ریسٹورنٹس، فوڈ سینٹرز سے کاروبار کرنے والے نان رجسٹرڈ ٹیکس پیئرز بھی ہدف میں شامل ہیں۔ حکام نے بتایا کہ نان فائلرز کو بیرون ملک سفر سے روکنے کی تجویز پر بھی زیرغورہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔