بچوں کے ساتھ زیادتی پر اقوام متحدہ کے مشہور امدادی اہلکار کو قید کی سزا

عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن پیٹر پر 9 ہزار 100 ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے

باسٹھ سالہ پیٹر کو دو بچوں کے ساتھ زیادتی پر 9 اور 7 سال قید کی سزا سنائی گئی (فوٹو : فائل)

نیپال میں اقوام متحدہ کے سابق امدادی کارکن اور عالمی شہرت یافتہ پیٹر کو 2 بچوں کے ساتھ زیادتی پر 9 سال قید کی سزا سنادی گئی ۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال میں رہائش پذیر 62 سالہ کینیڈی شہری اور اقوام متحدہ کے امدادی کارکن پیٹر دلگلیش کو 12 اور 14 سالہ بچے کے ساتھ زیادتی کرنے پر ایک مقدمے میں 9 اور دوسرے میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔


نیپال کی عدالت نے پیٹر کی سزا کو ملا دیا ہے جس کے بعد اسے 9 سال قید کی سزا بھگتنا ہوگی جب کہ مجرم کو 9 ہزار 100 ڈالر متاثرین کو بطور جرمانہ ادا کرنا ہوں گے۔ پیٹر نیپال میں غریب بچوں کو مالی امداد فراہم کرتا تھا اور افغانستان، لیبیریا وغیرہ میں اقوام متحدہ کی جانب سے امدادی کارکن متعین تھا۔

پیٹر نے عدالتی سزا کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں بے گناہ ہوں اور اس فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت سے رجوع کروں گا جہاں سے انصاف ملنے کی امید ہے۔

دوسری جانب بچوں کے وکیل کا کہنا تھا کہ اس سزا سے غریب بچوں کے امداد کے نام پر جنسی استحصال کرنے کے واقعات میں کمی آئے گی۔ پیٹر سماجی کاموں کے حوالے سے عالمی شہرت رکھتے ہیں اور کینیڈی وزیراعظم بھی ان کے معترف تھے۔
Load Next Story