ملک ریٹیلرز کا ڈیری فارمرز کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان

شہر بھر میں تازہ دودھ کی سرکاری نرخ پر فروخت بلاتعطل جاری رکھی جائے گی،خوردہ فروشوں


Business Reporter July 09, 2019
شہر بھر میں تازہ دودھ کی سرکاری نرخ پر فروخت بلاتعطل جاری رکھی جائے گی،خوردہ فروشوں۔ (فوٹو: فائل)

دودھ کے خوردہ فروشوں نے ہول سیلرز کی جانب سے 11 جولائی کو دی جانے والی ہڑتال کی کال اور دودھ کی فروخت بند رکھنے کے فیصلے سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔

خوردہ فروشوں کی نمائندہ انجمن آل کراچی ملک ریٹیلرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس حافظ نثار کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں خوردہ فروشوں نے ہول سیلرز اور ڈیری فارمرز کی جانب سے اعلان کردہ غیر سرکاری اضافی نرخ مسترد کرتے ہوئے سرکاری قیمت پر دودھ کی فروخت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں قرار داد منظور کی گئی کہ ڈیری فارمرز اور ہول سیلرز کی جانب سے مقرر کردہ غیرقانونی نرخ پر عمل درآمد نہیں کیا جائے گا اور شہر بھر میں تازہ دودھ کی سرکاری نرخ پر فروخت بلاتعطل جاری رکھی جائے گی۔

ڈیری فارمرز اور ہول سیلرز کی ہڑتال کے روز 11 جولائی کو بھی شہر بھر میں دودھ حسب معمول فروخت کیا جائے گا۔ اجلاس میں ہڑتال کو ناکام بنانے کی بھی پیش بندی کی گئی۔

یہ پڑھیں: مہنگا دودھ بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

شرکا نے فیصلہ کیا کہ اگر ہول سیلرز دکانوں کو دودھ سپلائی نہیں کریں گے تو ریٹیلرز اوپن مارکیٹ سے دودھ خرید کر شہریوں کو فراہم کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔