کراچی میں فائرنگ کے دو واقعات میں نیوز اینکر سمیت 4 افراد جاں بحق

نیوز اینکر مرید عباس کا عاطف نامی شخص سے لین دین کا تنازعہ تھا، ایس ایس پی جنوبی

اینکر مرید عباس کے ساتھ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت خضر کے نام سے ہوئی ہے، پولیس حکام :فوٹو:سوشل میڈیا

KARACHI/QUETTA:
شہر قائد میں فائرنگ کے دو واقعات میں نیوز اینکر مرید عباس سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی میں ایک بار پھر خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے اور چند ہی گھنٹوں میں 4 افراد کو موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا، آئی جی سندھ نے واقعات کا نوٹس لے لیا ہے۔

پہلا واقعہ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان جامی میں پیش آیا جہاں نجی ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اینکر مرید عباس کو پیسوں کے لین دین کے تنازعے پر قتل کیا گیا، اور واقعے میں عاطف زمان نامی شخص ملوث ہے۔

ایس ایس پی جنوبی شیراز نذیر کے مطابق اینکر مرید عباس نے عاطف زمان نامی شخص سے رقم لینی تھی، اور اس لین دین کے تنازعے میں مبینہ طور پر عاطف زمان نے مرید عباس کو دھمکیاں بھی دیں، آج عاطف نے مرید عباس کو پیسے دینے کے لئے ڈیفنس بخاری کمرشل میں واقع ایک ہوٹل پر بلایا، اور موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں اینکر مرید عباس اور ان کا ساتھی خضر جاں بحق ہوگئے۔

مقتول خضر حیات


ایس ایس پی جنوبی کا کہنا ہے کہ ملزم عاطف نے جب مرید عباس پر فائرنگ کی تو مرید عباس کا دوست خضر موقع سے فرار ہوگیا، تاہم ملزم عاطف نے تعاقب کرکے خضر کو بھی قتل کردیا اور خود سفید رنگ کی گاڑی پرسوار ہوکر فرار ہوگیا، جب کہ ملزم عاطف زمان نے اپنے گھر پہنچ کر خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔


ملزم عاطف


مرید عباس کی اہلیہ زاراعباس نے کہا ہے کہ عاطف زمان نے ہی مرید عباس کو مارا ہے، مرید نے بتایا کہ عاطف زمان نے کال کی ہے، عاطف زمان کے ساتھ ہماری کاروباری شراکت تھی، اس سے 50 لاکھ روپے لینے تھے لیکن وہ ہمارے پیسے نہیں دے رہا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیوز اینکر مرید عباس کے قتل پر ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غمزدہ خاندان اور ٹی وی انتظامیہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، دعا ہے اللہ تعالیٰ مرحوم مرید عباس کی مغفرت کرے۔



دوسرا واقعہ گلستان جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق گیا جب کہ دو افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال پہنچایا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اور شخص دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت نازک اور عزیز کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب آئی جی سندھ نے بخاری کمرشل میں فائرنگ کا نوٹس لےلیا ہے اور ڈی آئی جی ساؤتھ سےواقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔

 
Load Next Story