کسٹمز ایسوسی ایشن کا ایف بی آر سے مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم کرنےکا اعلان

کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن نے ایف بی آر سے تمام معاملات طے پانے کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا، ذرائع


ویب ڈیسک September 11, 2013
ہڑتال کے باعث حکومت کو 4 ارب روپے سے زائد مالیت کے ریونیو کا خسارہ برداشت کرنا پڑا ۔ فوٹو: محمد عظیم / ایکسپریس

کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) سے مذاکرات کے بعد گزشتہ روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہڑتال غیر مشروط طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے ایف بی آر سے تمام معاملات طے پانے کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ یہ حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا کہ کنٹینرز چوری کیس جن کسٹمز ایجنٹس کے خلاف کارروائی کی جارہی تھی وہ واپس لے لی گئی ہے یا نہیں۔

ہڑتال کے دوران تمام پورٹس، ڈرائی پورٹس اورایئرپورٹس پرسرگرمیاں معطل رہیں جس کی وجہ سے ملک بھر میں کسٹمز کلکٹریٹس اور ایئرفریٹ یونٹس میں گڈزڈیکلریشنز داخل نہ کرائے جانے کے باعث ڈیوٹی و ٹیکسوں کی مد میں حکومت کو 4 ارب روپے سے زائد مالیت کے ریونیو کا خسارہ برداشت کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ کسٹم حکام کی جانب سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے 28ہزار802 گمشدہ کنٹینرز کیس میں ٹرانزٹ کی کلیئرنس کرنے والے 250 سے زائد کسٹم ایجنٹوں کو ملوث کرنے پرکراچی کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن اور آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کی اپیل پر پیر کو ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا جس میں بانڈڈ کیریئرز، بارڈر ایجنٹس اور گڈز ٹرانسپورٹرز بھی شامل رہے، ہڑتال کے دوران پورٹ قاسم کنٹینر ٹرمینل، کراچی اور پاکستان کنٹینرٹرمینل پر کسٹم کلیئرنس کے حامل درآمدی کنٹینرز کی ترسیل اور چمن، کوئٹہ، پشاور، طورخم، لاہور کلکٹریٹس، تمام ایئرپورٹس کے ایئرفریٹ یونٹس میں کلیئرنس کی سرگرمیاں معطل رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں