حکومت مجھے ہر قیمت پر گرفتار یا نظر بند کرنا چاہتی ہے مریم نواز

میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں اس لئے حکومت کو وہ کیس دوبارہ کھولنا پڑا جس میں مجھے سزا ہوچکی ہے، مریم نواز

نیب کی سیاہکاریوں کو عوام کے سامنے لانے کا موقع گنوانا نہیں چاہتی، مریم نواز۔ (ن) فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں اپنی گرفتاری پلیٹ میں رکھ کر نہیں دینا چاہتی اور نہ ہی سیلیکٹڈ کی آلہ کار نیب کی سیاہ کاریوں کو عوام کے سامنے لانے کا موقع گنوانا چاہتی ہوں۔

نیب لاہور کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ جمع کرانے کے معاملے پر 19 جولائی کو طلبی کا سمن موصول ہونے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں ان کو گرفتاری پلیٹ میں رکھ کر ان کا مقصد پورا نہیں ہونے دینا چاہتی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مریم نواز کو طلبی کا سمن موصول


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں (ن) لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ مجھے ہر قیمت پر گرفتار یا نظر بند کرنا چاہتے ہیں مگر مسئلہ یہ ہے کہ میرے خلاف کچھ ہے نہیں اس لیے بیچاروں کو وہ جھوٹا کیس جس میں مجھے ایک بار سزا ہو چکی اور جس کو ہائی کورٹ معطل کر چکی دوبارہ کھولنا پڑا۔



مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ اقدام غیر قانونی اورمضحکہ خیز ہے اس لئے نہیں چلے گا، اور میں پیش نہ ہو کر ایک تو ان کو گرفتاری پلیٹ میں رکھ کر ان کا مقصد پورا نہیں ہونے دینا چاہتی، دوسرا عدالت میں ناقابل تردید حقائق سامنے رکھنے اور سیلیکٹڈ کی آلہ کار نیب کی سیاہکاریوں کو عوام کے سامنے لانے کا موقع گنوانا نہیں چاہتی۔
Load Next Story