وزیراعظم کو بھارتی سکھوں کی طرف سے نگرکیرتن میں شرکت کی دعوت

نگرکیرتن بھارت کی مختلف ریاستوں سے گزرتا ہوا 100 دن بعد سلطان پور لودھی میں پہنچ کر اختتام پذیرہوگا

نگرکیرتن بھارت کی مختلف ریاستوں سے گزرتا ہوا 100 دن بعد سلطان پور لودھی میں پہنچ کر اختتام پذیرہوگا . فوٹو : فائل

سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیو جی کے 550 ویں پرکاش پرب کے حوالے سے شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے جنم استھان ننکانہ صاحب سے نگرکیرتن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

نگر کیرتن25 جولائی کو ننکانہ صاحب سے شروع ہوگا جو ننکانہ صاحب سے لاہورپہنچے گا اور پھر واہگہ بارڈر کے راستے بھارت جائے گا، نگرکیرتن بھارت کی مختلف ریاستوں سے گزرتا ہوا 100 دن بعد سلطان پور لودھی میں پہنچ کر اختتام پذیرہوگا۔


بھارت کی شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے نگرکیرتن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے وزیراعظم عمران خان، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنرپنجاب چوہدری محمدسروراورپاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سمیت کئی شخصیات کو اس تاریخی نگرکیرتن میں شرکت کی دعوت دی ہے، شرومنی کمیٹی کی طرف سے وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر شخصیات کو باقاعدہ خطوط لکھ کر دعوت دی گئی ہے۔

ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے شرومنی کیمٹی کے ترجمان نے بتایا ان کا4 رکنی وفد ڈاکٹر روپ سنگھ کی سربراہی میں 20 جولائی کوپاکستان آرہا ہے، 23 جولائی جنم استھان ننکانہ صاحب میں مذہبی رسومات کا آغازہوگا اور 25 جولائی کونگر کیرتن شروع ہوگا، نگرکیرتن میں شرکت کے لیے شرومنی کمیٹی نے پاکستان حکومت سے 550 ویزے جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو ننکانہ صاحب میں 25 جولائی کو نگر کیرتن کی افتتاحی تقریب میں مدعوکیا ہے، ان کی خواہش ہوگی کی پاکستانی پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور گورنر بھی اس تقریب میں شریک ہوں اور واہگہ بارڈرپر اس نگر کیرتن کو الوداع کہیں، اٹاری بارڈر پر بھارتی پنجاب کی وزیراعلیٰ نگرکیرتن کا استقبال کریں گے، نگرکیرتن کے حوالے سے شرومنی کمیٹی پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ساتھ مل کر تیاریاں کررہی ہے، گورونانک دیوجی کے جنم دن کی مرکزی تقریب 12 نومبر کو جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوگی۔
Load Next Story