نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھارت کی شکست پر پاکستانی فنکار بھی خوش
گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا اور بھارت ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا۔ اس موقع پر پاکستان اورمقبوضہ کشمیر میں تو جشن منایا گیا تاہم پاکستانی فنکاروں نے بھی نیوزی لینڈ کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارت کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر مقبوضہ کشمیر میں جشن کا سماں
اداکار فہد مصطفیٰ نے نیوزی لینڈ کی جیت پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا بھارت کی شکست کے بعد اب ورلڈ کپ ان کے لیے آفیشلی ختم ہوگیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کی تصویر بھی شیئر کرائی اور انہیں اپنا ہم وطن قرار دیتے ہوئے مبارکباد دی۔ تصویر میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کوپاکستانی کٹ پہنے ہوئے دکھایاگیا ہے۔
اداکار فیصل قریشی نےبھارت کی ہار پر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا جملہ دہراتے ہوئے لکھا ''دا ٹی واز فنٹاسٹک''، اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی مذاقیہ تصویر شیئر کرائی جس میں کوہلی گراؤنڈ میں لیٹے ہوئے ہیں اورانوشکا شرما افسوسناک انداز میں ان کے برابر میں بیٹھی ہوئی ہیں۔
اداکار گوہر رشید نے بھارتیوں پر طنز کرتے ہوئے لکھا آؤ ہمسایوں مل کے پیزے برگر کھاتے ہیں۔
اداکار ہمایوں سعید نے میچ کے بعد دونوں کپتانوں کی ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہوئے تصویر شیئر کرائی اور لکھا بھارت نے اچھا کھیلا لیکن یہ واضح طور پر نیوزی لینڈ کا دن تھا۔