اینکر مرید عباس قتل کیس میں نیا موڑ واقعے سے قبل ملزم عاطف کے اغوا کا انکشاف

عاطف کو دوستوں نے اغوا کیا تھا، تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا ہوا، والد کا دعویٰ


کورٹ رپورٹر/ July 11, 2019
عاطف کو دوستوں نے اغوا کیا تھا، تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا ہوا، والد کا دعویٰ فوٹو:سوشل میڈیا

نیوز اینکر مرید عباس قتل کیس میں اہم موڑ آگیا اور قتل کے ملزم عاطف زمان کے والد نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا بیٹا چند روز قبل تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا ہوا تھا۔

ایکسپریس کے مطابق قتل کے ملزم عاطف زمان کے والدین مانسہرہ میں ہیں اور انہوں نے قانونی کارروائی کے لیے وکیل سے رجوع کرلیا ہے۔ وکیل کے مطابق ملزم کے والد کا کہنا ہے کہ چھ روز پہلے عاطف کو اغوا کرلیا گیا تھا، جس میں اس کے قریبی پانچ سے چھ دوست ملوث تھے اور عاطف تاوان دینے کے بعد رہا ہوکر آیا تھا، جبکہ واقعے کے حقائق ٹی وی پر چلنے والی خبروں سے مختلف ہیں۔

یہ پڑھیں: کراچی میں فائرنگ، نیوز اینکر جاں بحق

وکیل منصف جان نے مزید کہا کہ ان کی اب تک عاطف سے ملاقات نہیں ہوسکی ہے اور وہ اپنے موکل سے ملنا چاہتے ہیں تاکہ اس کیس کی پیروی کرسکیں۔

قتل کیس میں اہم پیش رفت

مرید عباس قتل کی پولیس تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن ساؤتھ طارق دھاریجو نے بتایا کہ ملزم نے سوچ سمجھے منصوبے کے مطابق دونوں افراد قتل کیے، قتل سے ایک روز پہلے اس نے بیوی بچوں کو منتقل کردیا تھا، وہ کاروبار میں شامل مزید افراد کو بھی مارنا چاہتا تھا، ملزم کی حالت بہتر ہے تفصیلی بیان میں سارے ابہام دور ہوجائیں گے۔

کروڑوں کی سرمایہ کاری

طارق دھاریجو کے مطابق اینکر مرید عباس سمیت کئی افراد نے ٹائروں کے کاروبار میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کی تھی، سرمایہ کاری سے جڑے افراد کے بھی بیانات لیے جارہے ہیں، کچھ افراد نے سرمایہ کاری کا اعتراف کرلیا ہے اور بہت سے ابھی خاموش ہیں، اب تک کی معلومات کے مطابق کاروبار میں سرمایہ کاری کا حجم 40 کروڑ روپے ہے، کاروبار کے قانونی یا غیرقانونی ہونے کی معلومات حاصل کی جارہی ہیں، اس کے بعد ایف بی آر سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

مزید افراد کے قتل کا خطرہ تھا

ایس ایس پی انوسٹی گیشن ساؤتھ نے مزید کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ٹائروں کا کاروبار افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے کیا جارہا تھا، کیس کا تعلق ایسٹ ڈیکلیریشن اسکیم سے ثابت نہیں ہوسکا، پولیس ملزم کے گھر بروقت نہیں پہنچتی تو وہ مزید افراد کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا چکا تھا، ملزم کے بھائی عدنان کی گرفتاری کے لیے ٹیم بالا کوٹ بھجوادی گئی ہے۔

واضح رہے کہ منگل کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نجی ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کو اس کے دوست عاطف زمان نے پیسوں کے لین دین کے تنازعے پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ ملزم نے خودکشی کی کوشش کی تاہم اس کی جان بچ گئی اور وہ اب اسپتال میں زیر علاج ہے۔ اس کے خلاف قتل سمیت تین مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

ملزم عاطف کو 15 جولائی تک پیش کرنے کی مہلت

دریں اثنا مقامی عدالت میں اینکر مرید عباس قتل کیس کے تفتیشی افسر نے ملزم عاطف سے متعلق ابتدائی رپورٹ مقامی عدالت جمع کرادی۔ عدالت نے ملزم عاطف کو پیش کرنے کے لیے 15 جولائی تک کی مہلت دے دی۔

کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے روبرو اینکر مرید عباس قتل کیس سے متعلق سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے ملزم عاطف سے متعلق ابتدائی رپورٹ جمع کرادی جس میں اسپتال انتظامیہ نے کہا ہے کہ ملزم کی حالت ایسی نہیں کہ اسے عدالت میں پیش کیا جائے۔

عاطف زمان کو 9 جولائی کی رات ساؤتھ سٹی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ملزم کے خلاف درخشان تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عدالت نے ملزم کو ریمانڈ کے لیے پیش کرنے سے متعلق 15 جولائی تک کی مہلت دے دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |