حکام متحدہ کے خلاف آپریشن کا نوٹس لیں محمد علی شاہ

ندیم ہاشمی کی گرفتاری، ٹارگٹڈ آپریشن کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان ہے، زونل انچارج

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی ندیم ہاشمی کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر بلاجواز گرفتار کیا گیا۔ ایم کیو ایم زونل انچارج

متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈوالہیار زون کے زونل انچارج سید محمد علی شاہ و اراکین زونل کمیٹی نے کراچی میں سابق حق پرست رکن سندھ اسمبلی ندیم ہاشمی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کو نام نہاد ٹارگٹڈ آپریشن کی غیر جانبداری پر ایک سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔

اپنے ایک مشترکہ بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ سابق حق پرست رکن صوبائی اسمبلی ندیم ہاشمی کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر بلاجواز گرفتار کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ جمہوری اداروں، آزاد عدلیہ اور متحرک میڈیا کی موجودگی میں ہم یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں آئین و قانون کی کن شقوں کے تحت ندیم ہاشمی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور بعد از گرفتاری پولیس کی جانب سے پیش کیے جانے والے جوابات کسی بھی جمہوری معاشرے کے چہرے پر طمانچے کے مترادف ہیں۔




انھوں نے کہا کہ کراچی میں شروع کیے جانے والے ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر ایم کیو ایم کے کارکنان، ذمہ داران اور منتخب نمائندگان کو گرفتار کیا جا رہا ہے، جب کہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ آج تک جرائم پیشہ افراد کے مستند ٹھکانوں پر کسی قسم کا ٹارگٹڈ آپریشن نہیں کیا گیا ہے، انھوں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے مطالبہ کیا کہ ندیم ہاشمی سمیت دیگر ذمے داران و کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور ان کی فوری رہائی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
Load Next Story