جراثیم کش اسپرے مہم کے اثرات ڈنگی کے کیسز میں نمایاں کمی

احتیاط اور آگہی ڈنگی کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار ہیں،کمشنر شعیب صدیقی


Staff Reporter September 12, 2013
ڈنگی کے خاتمے کیلیے روزانہ کی بنیادوں پر پورے کراچی میں مسلسل اسپرے مزید مؤثر طریقے سے یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ فوٹو : آن لائن / فائل

KARACHI: کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ ڈنگی کے حوالے سے جنگی بنیادوں پر مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے ،احتیاط اور آگہی ڈنگی کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار ہیں ۔

حکومتی اقدامات اور بلدیاتی اداروں کی مشترکہ اور بیک وقت حکمت عملی اور اقدامات کے نتیجے میں ڈنگی کے روزانہ کی بنیاد پر کیسز رپورٹ ہونے کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی ہے یعنی جہاں روزانہ تقریباً 33کیسز ڈنگی کے رپورٹ ہوتے تھے ان کی تعداد کم ہو کر 11کیسز رہ گئی ہے جوکہ ڈنگی کے خاتمے کیلیے حکومتی اور بلدیاتی اداروں کی نمایاں کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،ڈنگی کے خاتمے کیلیے روزانہ کی بنیادوں پر پورے کراچی میں مسلسل اسپرے مزید مؤثر طریقے سے یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں ڈنگی کے حوالے سے مختلف بلدیاتی اداروں بشمول کنٹونمنٹ بورڈز اور ڈی ایچ اے کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات و انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا ، انھوں نے کہا کہ انسانی جانوں کو بچانے کیلیے اقدامات ناگزیر ہیں ،انھوں نے ہدایت کی کہ یونین کونسل میں اسپرے کی غیر فعال مشینوں کو فوری طور پر فعال بنایا جائے ، باقی ڈسٹرکٹ میں بھی اسی طرح مشینوں کو فعال بناکر شہرکی ہر گلی اور کوچے سمیت تمام یونین کونسلز میں اسپرے کے عمل کو مزید مؤثر اور یقینی بنایا جائے۔



ڈنگی کے حوالے سے معلومات فراہم نہ کرنے والے اسپتالوں کے خلاف اقدامات کیے جائیں،انھیں ڈیٹا فراہم کر نے کا پابند بنایا جا ئے،ڈنگی کے حوالے سے حساس علاقوں میں فیومیگشین کے عمل کو بار بار دہرایا جائے جبکہ کسی بھی علاقے سے کیسز رپورٹ ہونے پر ناصرف اس گھر میں بلکہ پورے علاقے میں خصوصی توجہ کے ساتھ فوری اسپرے کو یقینی بنایا جائے،کمشنر کراچی کو اجلاس میں بتا یا گیا کہ ڈنگی کے حوالے سے شہر کے 40پرائیوٹ اور 15سرکاری اسپتال معلومات فراہم کررہے ہیں جبکہ دیگر عدم تعاون کررہے ہیں۔

کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ شہر کے تمام پرائیوٹ اور سرکاری ہسپتالوں کو ڈینگی کے حوالے سے معلومات فراہم کے سلسلے میں پابند بنایا جائے اور حکومت سے تعاون نہ کرنے پر ان کے خلاف کاروائی کی جائے ، شعیب احمد صدیقی نے واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ لیکج کے مقامات کی فہرست پیش کی جائے اور تمام مقامات پر لیکج بند کر نے کے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کی جائے ، انھوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤکے سلسلے میں خواتین کا کردار کلیدی ہے ، خواتین ڈینگی سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں