مدراس چوک کی مرکزی شاہراہ پر لوٹ مار بڑھ گئی پولیس کارروائی سے گریزاں

موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان دن اور رات کو لوڈشیڈنگ کے اوقات میں شہریوں کو یرغمال بناکر لوٹنے ہیں۔


Staff Reporter September 12, 2013
ڈکیت لوٹ مار کے بعد سچل اور مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں فرار ہوتے ہیں، علاقہ مکینوں کی تحفظ کے لیے پولیس حکام سے اپیل

سچل تھانے کی حدود مدراس چوک اور متصل مرکزی شاہراہ جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بن گئی، روزانہ شہریوں کو موٹر سائیکلوں، موبائل فونز، زیورات اور نقدی سے محروم کیا جارہا ہے۔

سچل تھانے کے علاقے گلزار ہجری اسکیم 33 میں پی سی ایس آئی آر لیبارٹری کے قریب مدراس چوک اور اس سے متصل مرکزی شاہراہ اسٹریٹ کریمنلز اور جرائم پیشہ افراد کا گڑھ بن گئی، جہاں موٹر سائیکلوں پرسوار مسلح ملزم دن دہاڑے اور خصوصاً رات کو لوڈ شیڈنگ کے اوقات میں سڑک سے گزرنے والے شہریوں کو یرغمال بناکر لوٹ لیتے ہیں، شاہراہ پر روزانہ نصف درجن شہری موٹر سائیکلوں ، موبائل فون ، نقدی اور قیمتی زیورات محروم ہورہے ہیں،ملزمان شہریوں کو لوٹنے کے بعد تشدد کا بھی نشانہ بناتے ہیں، علاقہ مکینوں نے ایکسپریس کو بتایا کہ اسٹریٹ کرائم کی زیادہ تر وارداتیں غروب آفتاب کے بعد ہوتی ہیں۔



جو رات گئے تک جاری رہتی ہیں، ملزمان واردات کے بعد بظاہر فرار ہوجاتے ہیں لیکن ایک آدھ گھنٹے کے بعد دوبارہ اسی مقام پر لوٹ مار میں مصروف دکھائی دیتے ہیں، لوٹ مار کی وارداتوں کی علاقہ پولیس کو اطلاع کی جاتی ہے اور بعض اوقات بروقت اطلاع بھی کی گئی لیکن پولیس پراسرار طور پر وہاں نہیں پہنچ پاتی ،پولیس اگر ایک مرتبہ بروقت پہنچ کر ملزمان کیخلاف کارروائی کرے تو کوئی شک نہیں ملزمان گرفتار ہوجائیں لیکن پولیس ملزمان کیخلاف کارروائی سے گریزاں ہے۔

جس شاہراہ پر اکثر وارداتیں ہوتی ہیں اس کا ایک سرا سچل تھانے اور دوسرا سرا مبینہ ٹائون تھانے کی حدود میں آتا ہے اور ملزمان لوٹ مار کے بعد کبھی سچل تھانے کی حدود میں فرار ہوتے ہیں اور کبھی مبینہ ٹائون تھانے کی حدود میں غائب ہوجاتے ہیں،علاقہ مکینوں نے پولیس حکام سے لوٹ مار کی وارداتوں کی روک تھام اور رات کے اوقات میں پولیس اور رینجرز کا گشت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں