خاتون ایس ایچ او میٹھادر کی پولیس موبائل میں ماڈل کے سیر سپاٹے

وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، شبانہ جیلانی کو اپر اسکول کورس نہ کرنے پر ہٹایا گیا، پولیس ذرائع


Staff Reporter July 12, 2019
وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، شبانہ جیلانی کو اپر اسکول کورس نہ کرنے پر ہٹایا گیا، پولیس ذرائع

ایس ایچ او میٹھادر کی موبائل میں ماڈل کے سیر سپاٹے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایس پی سٹی سمیر نور نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او میٹھادر سب انسپکٹر شبانہ جیلانی کو عہدے سے ہٹا کر ڈی ایس پی کھارادر فخرالسلام کو انکوائری افسر مقرر کر دیا جس کی رپورٹ آنے کے بعد معطل خاتون ایس ایچ او کے خلاف مزید محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایک ویڈیو میں نظر آنے والی ماڈل علینہ کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او شبانہ جیلانی ایک اچھی شہرت کی حامل پولیس افسر ہیں، میں ان کی پرستار ہوں اور ان سے ملاقات بھی کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ اس دوران میں نے راستے میں ایک ٹک ٹاک بھی بنائی تھی، میرا مقصد ہرگز یہ نہیں تھا کہ ان کی وجہ سے لیڈی پولیس افسر کو کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔

دریں اثنا میٹھادر تھانے کی ایس ایچ او شبانہ جیلانی کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سب انسپکٹر رضوان پٹیل کو تھانے کا عارضی چارج سونپ دیا گیا جبکہ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کی جانب سے ایسے تمام سب انسپکٹر رینک کے ایس ایچ اوز جنھوں نے اپر اسکول کورس نہیں کیا ہوا ہے انھیں فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کے احکام جاری کیے گئے ہیں اور سب انسپکٹر شبانہ جیلانی کو بھی اپر اسکول کورس نہ کرنے پر عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں