بیٹے کے قاتلوں کو معاف کیا ہے غلطی نہیں کی اورنگزیب

اپنی اولاد کو نہیں بھول سکتا، شاہ رخ وکٹری کا نشان بناتا ہے تو مجھے آگ لگتی ہے


Monitoring Desk September 12, 2013
شاہ رخ کا جیل سے باہر آنا کسی ڈیل کا حصہ ہوسکتا ہے، نبیل گبول، ٹودی پوائنٹ میں گفتگو فوٹو : فائل

شاہ زیب کے والد اورنگزیب خان نے کہا ہے کہ میں اپنے بیٹے کے قاتلوں کو معاف کیا ہے،کوئی غلطی نہیں کی ۔

اس کیس میں بہت سے لوگ بک گئے تھے، میں بڑی مشکل سے گواہوں کو عدالت میں لے کرجاتا تھا۔ بدھ کو ایکسپریس نیوزکے پروگرام ''ٹودی پوائنٹ'' میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ میں نے بہت سے لوگوں کی بہتری کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔ میں آج بھی رات کو روتا ہوں ،میں اپنی اولاد کو نہیں بھول سکتا کسی کو پتہ ہی نہیں کہ اس کیس میں کتنے لوگ بک چکے ہیں میں کس طرح منتیں کرکے گواہوں کو عدالت لاتا تھا۔ انھوں نے کہا کہ میں نے اللہ کے نام پر بیٹے کے قاتلوں کومعاف کیا ہے، اگر سپریم کورٹ اس پر سوموٹو ایکشن لیتی ہے تو پھر یہ ان کی قسمت ہے کہ وہ کدھر جائیں گے۔



اگر میں پاکستان سے جاؤں گا تو بتا کرجاؤں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ میری کسی نے ٹانگ نہیں توڑی، میں انجری کی وجہ سے بسترپرہوں۔ ڈی ایس پی اورنگزیب نے کہا کہ مرے خاندان والوں نے عید پر بھی میرے گھر آکر افسوس نہیں کیا۔ میرے مخالف وکیل نے مجھے کہا کہ میں آپ کے خلاف کیس لڑرہا ہوں لیکن میرے گھر والے آپ کے حق میں ہیں۔ نبیل گبول کے علم میں نہیں ہے کہ میں نے معافی کا فیصلہ اپنے گھر والوں کے مشورے سے کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب میں ٹی وی پر شاہ رخ کی وکٹری کا بنا ہوا نشان دیکھتا ہوں تو مجھے آگ لگ جاتی ہے۔

پروگرام میں شریک ایم کیو ایم کے رہنما نبیل گبول نے کہا کہ اورنگزیب کو اچھی طرح جانتا ہوں، یہ اپنے بیٹے کا قتل معاف نہیں کرسکتا۔ شاہ رخ جتوئی کا جیل سے باہر آنا کسی ڈیل کا حصہ ہوسکتا ہے۔ اداکار شمعون عباسی نے کہا کہ میرا چھوٹا بھائی بالکل شاہ زیب جیسا ہے ،جب میں اس کو دیکھتا ہوں تو مجھے مقتول شاہ زیب یاد آجاتا ہے اور اسکی وجہ سے ہی میرا جذبہ جاگاتھا۔ اگر یہ سب ہی کرنا تھا تو یہ پہلے ہی کردیتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔