برطانیہ نے ایرانی آئل ٹینکر کے کیپٹن اور چیف آفیسر کو باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا

برطانوی بحریہ نے جبرالٹر میں ایرانی آئل ٹینکر کو خام تیل شام لے جانے کے الزام میں 4 جولائی کو تحویل میں لے لیا تھا


ویب ڈیسک July 12, 2019
ایرانی ٹینکر گریس ون کو جبرالٹر میں 4 جولائی کو تحویل میں لیا گیا تھا۔ فوٹو : فائل

جبرالٹر پولیس نے شام کو خام تیل کی فراہمی پر تحویل میں لیے گئے ایرانی آئل ٹینکر کے چیف آفیسر اور کیپٹن کی گرفتاری ظاہر کردی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی بحری علاقے جبرالٹر سے ایران کے آئل ٹینکر کو عالمی پابندی عائد ہونے کے باوجود خام تیل شام لے جانے کے الزام میں ایک ہفتہ قبل تحویل میں لیا گیا تھا تاہم اب آئل ٹینکر کے کپتان اور چیف آفیسر کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

جبرالٹر پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی آئل ٹینکر گریس-1 کے کپتان اور چیف آفیسر کی گرفتاری ضبط شدہ بحری جہاز کی مکمل تلاشی، دستاویز کی جانچ پڑتال اور الیکٹرانک ڈیوائسز کے معائنے کے بعد خام تیل کے شام لے جانے کی تصدیق کے بعد میں عمل میں لائی گئی ہے۔

جبرالٹر پولیس کے اس اقدام سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ برطانیہ آئل ٹینکر تحویل کے معاملے میں ایران کی دھمکیوں کو خاطر میں نہیں لایا ہے۔ ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای، صدر حسن روحانی اور آرمی چیف محمد باقری نے آئل ٹینکر کو رہا نہ کرنے کی صورت میں برطانوی ٹینکر کو روکنے کی دھمکی دی تھی۔

واضح رہے کہ یورپی یونین نے شام کو تیل کی سپلائی پر پابندی عائد کر رکھی ہے جس پر ایرانی ٹینکر جبرالٹر کے پانیوں سے شام خام تیل لے جاتے ہوئے 4 جولائی کو پکڑا گیا تھا تاہم ایران نے اس الزام کو مسترد کر دیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں