اسکولوں کی رجسٹریشن و فیس اسٹرکچر آن لائن کر دیا گیا

محکمہ تعلیم نے رجسٹریشن آن لائن کرنے کی ویب سائٹ تیارکرلی،باقاعدہ افتتاح  15 جولائی کووزیرتعلیم سندھ سردارشاہ کریں گے


صبا ناز July 13, 2019
نجی اسکول مالکان ویب سائٹ Dirprivateschools.gos.pk پرفارم بھر کر رجسٹریشن کراسکتے ہیں، فیس بینک میں جمع ہو گی فوٹو : فائل

محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کی رجسٹریشن اور فیس اسٹرکچر آن لائن کر دیا۔

محکمہ تعلیم سندھ کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوٹ سندھ نے نجی اسکولوںکی رجسٹریشن آن لائن کر دی ہے، نجی اسکول مالکان ویب سائٹ Dirprivateschools.gos.pk پر آن لائن فارم بھر کر رجسٹریشن کراسکتے ہیں، آن لائن رجسٹریشن فارم جمع کرانے کے بعد سلپ نمبر کے ساتھ سرکاری فیس محکمہ تعلیم کے بینک اکاؤنٹ میں جمع ہوگی۔

سندھ بوائز آڈیٹوریم میں وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ 15 جولائی کو باقاعدہ طور پر اس ویب سائٹ کا افتتاح کریں گے، ویب سائٹ پر 3 آپشن دیے گئے ہیں جس میں نئے اسکولوں کی رجسٹریشن، رینیول آف رجسٹریشن اور اسکول پروفائلنگ موجود ہیں، اسکول پروفائلنگ میں وہ تمام اسکول موجود ہونگے جو ڈائریکٹریٹ سے رجسٹرڈ تو ہیں لیکن آن لائن رجسٹرڈ نہیں ہیں، اسکولوں کی رجسٹریشن فیس جو پہلے تھی وہی وصول کی جائے گی، اس کے علاوہ اسکول کی رجسٹرینشن فیس، ریجنل دفاتر سے متعلق تمام تر تفصیلات موجود ہیں۔

رجسٹرار ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوٹ سندھ رفعیہ جاوید کاکہنا ہے کہ وزیر تعلیم اور سیکریٹری اسکول ایجوکیشن قاضی شاہدکی کاوشوںکا یہ نتیجہ ہے کہ رجسٹریشن اورفیس اسٹرکچر نظام کوآن لائن کردیا گیا ہے ،سندھ وہ واحد صوبہ ہے جہاں اسکولوں کی رجسٹریشن، رینیول ، ڈیٹ آف برتھ فارم سمیت تمام چیزیں ڈیجیٹل کرکے آن لائن کردی گئی ہیں۔

رفیعہ جاوید نے بتایا کہ نظام کو آن لائن کرنے سے سسٹم میں شفافیت آئے گی ، تمام اسکولوں اور بالخصوص والدین کو بھی معلوم ہوگا کہ جس اسکول میں وہ اپنے بچے کو داخل کروارہے ہیں وہ رجسٹرڈ ہے کہ نہیں، اسکول کی فیس کیا ہوگی، کس کس مد میں اسکول کون کون سے فیس لینے کا اختیار رکھتا ہے سب کچھ تمام لوگوں کے سامنے ہوگا۔

انھوں نے کہاں کہ ایسا تاریخ میں پہلی بار ہورہا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف انسپکیشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوٹ کی انتھک محنت کے بعد تمام چیزیں ڈیجیٹلائزیشن کی جانب گامزن ہیں۔

سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ آن لائن فارم حاصل کرنے کے بعد ہماری انسپکشن ٹیم فیلڈ میں جائے گی اور جو کچھ تفصیلات امیدواروں نے اسکول رجسٹرڈ کرانے کے لیے فارم میں بیان کی ہیں انھیں چیک کرے گی، اگر ہمارے اصولوں کے مطابق تمام چیزیں ہوئیں تواسکول کو رجسٹریشن دی جائے گی جوآن لائن ہی ہوگی اور اگراسکول کا معیار ہمارے مطابق نہیں ہوا تو رجیکشن بھی آن لائن ہی ہوگی تاکہ تمام لوگوں کو معلوم ہوسکے۔ لوگوں کو بار بار دفتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے اب صرف ایک کلک کرکے وہ تمام ڈیٹا اپڈیٹ کرسکتے ہیں۔

انھوں نے مزیدکہا کہ ویب سائٹ بنانے کے لیے کسی اضافی لاگت کا بوجھ برداشت نہیں کرنا پڑا ہے بلکہ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی آئی ٹی کی کاوشوں سے یہ عمل ممکن ہوا ہے، انھوں نے کہا کہ ویب سائٹ کی لاونچنگ کے بعد 6 ماہ میں پروفائلنگ کی جائے گی اور اس طرح اسکولوں کی شماری بھی ممکن ہوسکے گی ہم تمام اسکولوں کو ایک کوڈ الاٹ کررہے ہیں جس میں ان کی تمام انفارمیشن موجود ہوگی۔

دوسری جانب پرائیویٹ اسکول ایسی ایشن کے ممبران کے مطابق اْمید کی جارہی ہے کہ اس سے جہاں ڈائریکٹریٹ آف انسپکیشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوٹ سندھ کو ضروری اور فوری معلومات فراہم ہوگی وہیں نجی تعلیمی اداروں کو رجسٹریشن میں درپیش مسائل سے چھٹکارا مل جائے گا تو دوسری جانب آن لائن رجسٹریشن سے والدین و طلبہ کو اپنے تعلیمی ادارے کا تعلیمی معیار، فیس اور دیگر معلومات فراہم ہو سکیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔