عمران خان ججز پر دباؤ ڈالنے والی مافیا کا حصہ ہیں مریم نواز

عمران خان اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے اور سزائیں دلانے کے لیے ججز پر دباؤ ڈالتے ہیں، مریم نواز


ویب ڈیسک July 13, 2019
عمران خان اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے اور سزائیں دلانے کے لیے ججز پر دباؤ ڈالتے ہیں، مریم نواز فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ججز پر دباؤ ڈالنے والی مافیا کا حصہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سسیلین مافیا کی طرح پاکستانی مافیا بھی ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے اور عدلیہ کو دھمکیاں دے کربیرون ملک دولت کا تحفظ چاہتا ہے۔

اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مریم نواز نے ٹوئٹ میں کہا کہ عمران خان اسی مافیا کا حصہ ہیں جو اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے اور سزائیں دلانے کے لیے ججز پر دباؤ ڈالتے ہیں، عمران خان اپنے سیاسی مخالفین سے بدلہ لینے کیلئے اداروں کو استعمال کرتے ہیں۔ اور اس دوران اداروں کو بھی بدنام کراتے ہیں، آپ کو شرم آنی چاہیے۔



مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو گھناؤنی سازش نواز شریف کو سزا دینے اور میدان سے باہر رکھنے کے لیے رچائی گئی عمران خان اس میں شامل اور قصوروار ہیں، ان کا بھیانک چہرہ جج نے پوری دنیا کو دکھا دیا ہے، وہ سلیکٹڈ تو تھے ہی، اب ان کے گھناؤنے کردار پر بھی مہر لگ چکی ہے، وہ اب اپنے بڑوں کے پیچھے مت چھپیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے گئے اور سیاسی انتقام کی تمام حدیں عبور کرلی گئیں مگر نواز شریف کو توڑنے اور جھکانے کا خواب دیکھنے والے آج بھی ناکام ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔