اگرکسی کو 90 کی دہائی میں جانے کا شوق ہے تو ایم کیوایم بھی تیار ہے فیصل سبزواری

ایم کیوایم نےسندھ اسمبلی کااجلاس بلانےکیلئےریکوزیشن جمع کرادی، ہمارےاکثریتی علاقوں کونشانہ بنایاجارہاہے،فیصل سبزواری


ویب ڈیسک September 12, 2013
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس معاملے پر ایم کیو ایم کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے، فیصل سبزواری۔ فوٹو: فائل

KARACHI: متحدہ قومی موومنٹ رکن سندھ اسمبلی فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کراچی کو 90 کی دہائی میں واپس نہیں لے جانا چاہتی لیکن اگر کسی کو 90 کی دہائی میں واپس جانے کا شوق ہے تو ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کرانے کے بعد سندھ سیکریٹریٹ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ گزشتہ 6 روز میں ایم کیوایم کے 100 سے زائد کارکنوں کو گرفتار اور صرف ایم کیو ایم کے اکثریتی علاقوں کا محاصرہ کیا گیا لیکن ہم نے کوئی آواز نہیں اٹھائی کیوں کہ ہم کراچی میں امن کی بحالی چاہتے ہیں، ایم کیو ایم نے غیرجانبدارانہ آپریشن کے فیصلے پر صوبائی اور وفاقی حکومت کومکمل تعاون کا یقین دلایا تھا لیکن سابق رکن سندھ اسمبلی ندیم ہاشمی کی جھوٹے مقدمے میں گرفتاری اور ایم کیوایم کے دفاتر پر چھاپے سے کراچی میں ہونے والی کارروائی کی غیرجانبداری پر سوال کھڑا ہوگیا ہے۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ شہر کے ایسے علاقے جو جرائم پیشہ افراد کا گڑھ ہیں اور جہاں طالبان چھپے بیٹھے ہیں وہاں کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی لیکن صرف ایم کیوایم کے اکثریتی علاقوں کو نشانہ بنا کر عام شہریوں کو تنگ کیا جا رہا ہے، اورنگی اور پاپوش جیسے ایم کیوایم کے اکثریتی علاقوں کا مکمل طور پر محاصرہ کیا گیا لیکن وہاں سے ایک بھی گولی نہیں چلی، اگر اسی طرح معصوم شہریوں کو تنگ کیا جاتا رہا تو وہ یہ سوچنے پر مجبور ہو جائیں گے کہ انہیں زبان ، نسل اور سیاسی وابستگی کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کی طرح ان کی بھی خواہش ہے کہ کراچی کو واپس 90 کی دہائی میں نہ لے جایا جائے لیکن اگر کسی کو شوق ہے 90 کی دہائی میں واپس جانے کا تو ایم کیوایم اس کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

ایک سوال کے جواب پر فیصل سبزواری نے کہا کہ انہوں نے وزیراعلی سندھ سے ندیم ہاشمی کے مسئلے پر بات کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا جب کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس معاملے پر ایم کیو ایم کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں