عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما ندیم ہاشمی کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا

پولیس نے ندیم ہاشمی کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تاہم عدالت نے صرف 7 روز کا ریمانڈ دیا۔


ویب ڈیسک September 12, 2013
ندیم ہاشمی کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جج جسٹس خالدہ یاسین کے سامنے پیش کیا گیا۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی ندیم ہاشمی کا 7 روز کا جسمانی ریمانڈ دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ندیم ہاشمی کو انتہائی سخت سیکورٹی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے کورٹ روم نمبر2 مین پیش کیا گیا جہاں جسٹس خالدہ یاسین نے ان کا جسمانی ریمانڈ دیا۔ جسٹس خالدہ یاسین نے اس موقع پر ندیم ہاشمی کو روسٹر پر بلا کر ان سے استفسار کیا کہ وہ وقوعہ کے روز 10 ستمبر کو شام 6 بجے کے بعد کہاں تھے اس پر ندیم ہاشمی نے جواب دیا کہ وہ ادویات کے کاروبار سے وابستہ ہیں اسی سلسلے میں مصروف رہے۔ پولیس کی جانب سے عدالت سے ندیم ہاشمی کا 14 جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست کی گئی تاہم جسٹس خالدہ یاسین نے 14 روز کو زیادہ قرار دیتے ہوئے ان کو 7 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

قبل ازیں ندیم ہاشمی کو انتہائی سخت سیکورٹی میں دہشت گردی کی خصوصی عدالت لگایا گیا اس موقع پر ان کے وکیل شوکت حیات اور ایم کیوایم کے اہم رہنما بھی عدالت میں موجود تھے۔

واضح رہے کہ اتوار اورپیر کی درمیانی رات پولیس نے ندیم ہاشمی کو ناظم آباد سے ان کی رہائش گاہ سے گرفتارکرکے 2پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہونے کی ایف آئی آر کاٹ دی تھی جس پر ایم کیوایم نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے سندھ حکومت کی انتقامی کارروائی قراردیا اورگزشتہ روزاسی حوالے سے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں ہڑتال بھی کی گئی ۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں