وزیرداخلہ کا اسلام آباد میں بھتہ خوری میں ملوث پولیس اورسی ڈی اے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا حکم
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے وفاقی دارلحکومت میں بھتہ خوری کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو بھتہ خوری میں ملوث پولیس افسران اور سی ڈی اے کے اہلکاروں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ اسلام آباد میں بھی بھتہ خوری کی جا رہی ہے اور پولیس افسران اور سی ڈی اے کے اہلکار اس میں ملوث ہیں جس پر وزیر داخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو بھتہ خوری میں ملوث پولیس افسران اور سی ڈی اے کے اہلکاروں کو فوری گرفتار کرتے ہو ئے ان کے خلاف خلاف سخت کاروائی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ انکا کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے میں بھتہ خوری کی شکایت موصول ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب پولیس نے کارروائی کرتے ہو ئے بھتہ خوری میں ملوث اے ایس آئی اسحاق، ہیڈ کانسٹیبل سرفراز، کانسٹیبل آغا شاہ اور سعید کو گرفتار کر لیا جبکہ سی ڈی اے کے سپر وائزر صغیر اور غفور کو بھی بھتہ خوروں کو تحفظ دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔