8 ڈیجٹ شناختی کوڈ فلور ملوں اور ایف بی آر میں وجہ تنازع

سیلز ٹیکس ایکٹ میں اس مرتبہ واضح طور پر ’چوکر‘ پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگادیا گیا ہے


رضوان آصف July 14, 2019
سیلز ٹیکس ایکٹ میں اس مرتبہ واضح طور پر ’چوکر‘ پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگادیا گیا ہے فوٹو : فائل

ملک بھر میں آٹا، میدہ اور فائن آٹاپر سیلز ٹیکس کے اطلاق کا بحران پیدا کرنے کا سبب 8 ڈیجٹ پر مشتمل سیلز ٹیکس شناختی کوڈ( ایچ ایس کوڈ )ہے جو ایف بی آر کے چھوٹے درجے کے اہلکاروں کی لاپرواہی اور غیر سنجیدگی کے سبب حالیہ بجٹ دستاویزات میں پرنٹ نہیں کیا گیا۔

گزشتہ 4 روز سے ایف بی آر سمیت وفاقی اور پنجاب حکومت اس مسنگ کوڈ کو دوبارہ شامل کرنے کیلیے ایک صفحہ کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بجائے فلورملنگ انڈسٹری کے ساتھ'میڈیا وار' میں مصروف ہے، جس کی وجہ سے ملک بھر کی عوام روٹی جیسی بنیادی غذا کی قیمت کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہیں۔

بجٹ کی تیاری کے دوران اسٹاف نے جی ایس ٹی سے مستثنیٰ اشیا کے شیڈول 6 میں بعض ترامیم کے دوران آٹا،میدہ اور فائن آٹاکے حوالے سے 3سطر کا ایک پیراگراف شامل کیا جس میں ریٹیل فروخت ہونے والے آٹا،میدہ اور فائن آٹاکو سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا لیکن لاپرواہی کے نتیجے میں آٹے کا ایچ ایس کوڈ 1101.0010 شیڈول 6 میں سے ختم کردیا۔

قوی امکان ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں اس کوڈ کے حوالے سے ایف بی آر تحریری وضاحت کردے گا لیکن فلور ملز کا دوسرا مطالبہ بدستور حل طلب ہونے کی وجہ سے بحران ختم نہیں ہوگا کیونکہ سیلز ٹیکس ایکٹ میں اس مرتبہ واضح طور پر 'چوکر' پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگادیا گیا ہے اور چوکر کا ایچ ایس کوڈ2302.3000 ہے جو17 فیصد سیلز ٹیکس والے شیڈول میں درج ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں