انکم ٹیکس نہ دینے والے گریڈ 20 کے افسران کا گھیرا تنگ

حکومت سندھ کے 93 ہزار میں سے صرف 17 ہزار ملازمین ٹیکس ریٹرن داخل کراتے ہیں

حکومت سندھ کے 93 ہزار میں سے صرف 17 ہزار ملازمین ٹیکس ریٹرن داخل کراتے ہیں فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس گوشوارے داخل نہ کرانے والے حکومت سندھ کے گریڈ 20 کے حامل افسران کی نشاندہی کرتے ہوئے سندھ حکومت ملازمین کے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے انتظام کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔


ریجنل ٹیکس آفس تھری کے ودہولڈنگ زون فائیوکی جانب سے چیف سیکریٹری سندھ کو بھیجے گئے مکتوب میں کہا گیا ہے کہ اکائونٹنٹ جنرل سندھ کے ڈیٹا کے مطابق سندھ حکومت کے پے رول پر 93 ہزار ملازمین کی تنخواہ قابل ٹیکس ہے لیکن اس کے برعکس سندھ میں صرف 17 ہزار ملازمین اپنے ٹیکس ریٹرن داخل کراتے ہیں۔

مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سندھ حکومت کے گریڈ 20 کی افسران بھی اپنے ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کرتے حالانکہ انکم ٹیکس آرڈیننس مجریہ2001 کی شق114 کے تحت ہر قابل ٹیکس آمدنی کے حامل ٹیکس دہندہ فرد پرانکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنا لازم ہے۔مراسلے میں چیف سیکریٹری سندھ سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ماتحت محکمہ جات کے عملے سے ٹیکس ریٹرن جمع کرواکر قانونی عمل مکمل کریں۔
Load Next Story