انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کمپنی فیصل آباد میں نیا صنعتی زون تعمیر کرے گی

علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 3270 ایکڑ پر مشتمل ہوگا،روزگار کے 3 لاکھ مواقع پیدا ہونگے

400 میگا صنعتی یونٹس قائم کیے جائیں گے، میاں کاشف اشفاق کی ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو

فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ( FIEDMC ) شہر میں ایک اور میگااکنامک زون تعمیر کرے گی۔


کمپنی کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیا اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 3270 ایکڑ پر مشتمل ہوگا۔ FIEDMC پہلے ہی فیصل آباد میں اسپیشل اکنامک زون، ایم تھری انڈسٹریل سٹی قائم کرچکی ہے۔

کاشف اشفاق نے کہا کہ نئے صنعتی شہر کی وجہ سے ڈھائی سے 3 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور 350 سے 400 میگا صنعتی یونٹس قائم کیے جائینگے۔ انھوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں کام کی رفتار بڑھانے کیلیے انتظامیہ نے فریم ورک تیار کرلیا ہے ۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کار نئے صنعتی حب میں سرمایہ کاری کرینگے۔
Load Next Story