مصرکے عبوری صدرنے ایمرجنسی میں مزید 2 ماہ کی توسیع کردی
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصر کے صدارتی ترجمان ایحاب بدوی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عبوری صدرعدلی منصور نے ملک میں جاری کشیدہ حالات کے باعث گزشتہ ماہ لگائی جانے والی ایمر جنسی میں مزید 2 ماہ کی تو سیع کر دی ہے۔
مصر کےعبوری وزیر اعظم ہضیم الببلوی نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ ملک میں جاری ایمرجنسی کی مدت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ذی شعور شخص ان حالات میں ایمرجنسی کو ہٹانے کی بات نہیں کر سکتا۔
واضح رہے کہ مصر ی فوج کی جانب سے رواں سال جولائی میں پہلے آئینی صدر محمد مرسی کو بر طرف کر دیا گیا تھا جس کے بعد پورے ملک میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا اور پھر گزشتہ ماہ 14 اگست کو عبوری صدر عدلی منصور نے ملک میں ایک ماہ کے لئے ایمرجنسی نافذ کرنے کے احکامات جاری کئےتھے۔