تعلیمی سیشن کو دو ہفتے گزرنے کے باوجود سرکاری اسکول درسی کتب سے محروم

چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ نے تمام سرکاری اسکولوں میں کتب پہنچانے کا دعویٰ کیا تھا


صبا ناز July 15, 2019
چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ نے تمام سرکاری اسکولوں میں کتب پہنچانے کا دعویٰ کیا تھا (فوٹو: فائل)

چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے دعوے ادھورے رہ گئے، سندھ کے اسکولوں میں نیا تعلیمی سیشن شروع ہوئے دو ہفتے گزر گئے لیکن تاحال متعدد سرکاری اسکولوں میں درسی کتب نہیں پہنچ سکیں۔

ایکسپریس کے مطابق سندھ میں سال 2019-20 کا تعلیمی سیشن شروع ہوگیا لیکن دو ہفتے گزرنے کے باوجود متعدد اسکولوں میں درسی کتابیں نہیں پہنچ سکیں، کئی اسکول ایسے ہیں جہاں پہنچنے والی کتابوں کی تعداد کم نکلی ہے اور تمام طلبہ کو کورس فراہم نہیں کیا جاسکا، چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے دعوے پورے نہیں ہوسکے۔

اساتذہ کا کہنا ہے کہ نصاب کی کتابوں کی مکمل فراہمی تاحال ممکن نہیں ہوسکی ہے کہا گیا تھا کہ اسکول کی تعطیلات ختم ہوتے ہی تمام اسکولوں کو یکم جولائی کو ہی کتابیں فراہم کردی جائیں گی لیکن تاحال کتابیں اسکول نہیں پہنچیں، 12 ماہ پر مشتمل تعلیمی سیشن کا پہلے ہی چھٹیوں اور دیگر وجوہات کی بناپر دورانیہ کم ہوجاتا ہے ایسے میں نصاب مکمل کرانا مشکل ہوجاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ فی الحال ہم طلبہ کو بغیر کتابوں کے پڑھارہے ہیں لیکن کوئی ڈائریکشن نہیں ہے بچوں کے پاس کتابیں ہوں تو انہیں سمجھ میں اچھا آتا ہے، اسکول میں تو فی الحال کچھ نہ کچھ پڑھ ہی لیتے ہیں لیکن طلبہ گھر میں کچھ بھی پڑھائی نہیں کر پا رہے۔

طلبہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مفت کتابیں فراہم کرنا ایک اچھی سہولت ہے، ہم نے سرکاری اسکول میں داخلہ اسی لیے لیا تھا کہ ہم نجی اسکولوں کی مہنگی پڑھائی اور کتابیں خریدنا افورڈ نہیں کرسکتے لیکن یہاں بھی وقت پر کتابیں نہیں ملیں، ہم سہیلیاں آپس میں مل کر مختلف موضوعات پر بحث و مباحثہ کرتے ہیں یا اگر ٹیچر کوئی کام دے دیتی ہیں تو وہ کرلیتے ہیں لیکن گھر میں پڑھنے کے لیے کتب نہیں جس کی وجہ سے تعلیمی سال کے آخر میں کورس ختم نہیں ہوپاتا اور یہ ہر سال کا ہی مسئلہ ہے۔

قبل ازیں سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین آغا سہیل پٹھان نے جاری پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ درسی کتب چھپائی کے بعد اسکولوں کو فراہم کر دی گئی ہیں، ہم نے یکم سے لے کر دسویں جماعت تک تمام سرکاری اسکولوں میں کتابیں پہنچادی ہیں

ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سہیل نے کہا کہ اگر کسی اسکول میں کتابیں کم پہنچی ہیں یا بالکل نہیں پہنچیں تو وہ ہمیں فوری اطلاع کرے ان اسکولوں میں کتابوں کی ترسیل کو فوری یقینی بنائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں