ومبلڈن چیمپئن کا تاج جوکووک کے سر سج گیا

پانچواں ٹائٹل، اعصاب شکن فائنل میں سوئس ماسٹرراجر فیڈرر کو شکست

مکسڈ ڈبلز ٹرافی چائنیز تائپے کی لسیتھا چان اور ایوان ڈوڈگ نے قبضے میں کرلی۔ فوٹو: اے ایف پی

ومبلڈن مینز سنگلز کے اعصاب شکن فائنل میں نووک جوکووک نے سوئس ماسٹر راجرفیڈرر کو شکست دیدی۔

سربیئن اسٹار نے پانچویں بار سیزن کا تیسرا گرینڈ سلم اپنے نام کرلیا، ان کی جیت کا اسکور 7-6(7/5)، 1-6، 7-6(7/4)، 4-6 اور13-12(7/3) رہا، 13 برسوں پر محیط باہمی مسابقت میں فیڈرر پر 22 کے مقابلے میں26 ویں فتح مل گئی۔

فیڈرر نے ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں کائی نیشکوری کو مات دیکر ومبلڈن میں میچز فتوحات کی سنچری مکمل کی تھی جبکہ سیمی فائنل میں انھوں نے روایتی حریف رافیل نڈال کو چار سیٹ کے بھرپور مقابلے میں ٹھکانے لگایا تھا، فائنل تک رسائی کے سفر میں جوکووک نے پہلے مرحلے میں جرمنی کے فلپ کوہل شریبر کو ٹھکانے لگایا۔


دوسری راؤنڈ میں ڈینس کڈلا ان کا شکار بنے، ہربرٹ ہرکیز کیخلاف کامیابی نے انھیں چوتھے مرحلے میں پہنچایا جہاں انھوں نے فرانس کے یوگو ہمبرٹ کو زیر کیا، کوارٹر فائنل میں ڈیوڈ گوفن بھی ان کا راستہ نہیں روک پائے جبکہ سیمی فائنل میں انھوں نے بوٹسٹا کو قابو کیا۔

دوسری جانب مکسڈ ڈبلز ٹرافی چائنیز تائپے کی لسیتھا چان اور کروشیا کے ایوان ڈوڈگ نے قبضے میں کرلی، انھوں نے فائنل میں سوئیڈن کے روبرٹ لینڈسیڈٹ اور لٹویا سے تعلق رکھنے والی جیلینا اوسٹاپینکو پر 6-2،6-3 سے غلبہ پالیا۔

گزشتہ دن کولمبیا کے جوآن سباستین کیبال اور روبرٹ فاراح نے مینز ڈبلز ٹائٹل جیت لیا، تقریباً پانچ گھنٹے جاری رہنے والے مقابلے میں سیکنڈ سیڈ پلیئر نے 11 سیڈ فرنچ جوڑی نکولس مہاٹ اور ایڈورڈ روجر ویسلن کو مات دی، ان کی جیت کا اسکور 6-7 (5/7)، 7-6 (7/5)،7-6 (8/6)، 6-7 (5/7) اور6-3 رہا، ٹائٹل فتح نے کیبال اور فاراح کو رینکنگ میں بھی ورلڈ نمبرون ٹیم بنوادیا۔
Load Next Story