سابق وفاقی وزیر کے ڈائریکٹر کے5 بے نامی اکاؤنٹس پکڑے گئے

فرحان جونیجو نے اپنے برادر نسبتی کی مدد سے کروڑوں روپے بیرون ملک منتقل کیے اورڈیفنس کا بنگلہ خریدا۔

فرحان جونیجو نے اپنے برادر نسبتی کی مدد سے کروڑوں روپے بیرون ملک منتقل کیے اورڈیفنس کا بنگلہ خریدا۔ فوٹو: فائل

سابق وفاقی وزیر تجارت کے ڈائریکٹرفرحان جونیجو نے5 بے نامی اکائونٹس کے ذریعے فریٹ سبسڈی کے جعلی کلیمز منظور کرانے کے عوض رشوت کے ڈھائی کروڑروپے بیرون ملک منتقل کیے اور ڈیفنس کابنگلہ خریدا۔

بینک منیجرکے عہدے پرتعینات اپنے برادر نسبتی کی مدد سے اپنی والدہ کی دوست 75 سالہ خاتون کے نام پرکھلوائے گئے 4بینک اکائونٹس کے ذریعے رقم کوقانونی بنانے کی کوشش کی جبکہ بینک کے ادنی ملازم کے نام پرکھولے گئے بینک اکائونٹ کے ذریعے بنگلے کی خریداری کیلیے ایک کروڑ 20لاکھ روپے کی ادائیگی کی۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے فریٹ سبسڈی کی مدمیں کیے جانے والے اربوں روپے کے مالی اسکینڈل کے تحقیقات کے دوران ہونے والے انکشافات کاسلسلہ جاری ہے۔

چند روز قبل ایف آئی اے نے دہری شہریت کے حامل سابق ڈائریکٹرمنسٹرآف کامرس فرحان جونیجوکی جانب سے رشوت کی رقم کے 25کروڑروپے بیرون ملک منتقل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیاتھا،اس معاملے کی تحقیقات کے دوران مزید دلچسپ حقائق سامنے آئے ہیں جن کے مطابق فرحان جونیجونے نجی بینک کی آواری ٹاورزبرانچ میں اپنے تعینات اپنی اہلیہ کے بھائی روحیل جمال ہاشمی کی مددسے 5بے نامی اکائونٹس کے ذریعے ڈھائی کروڑ روپے کی رقم کی قانونی بنانے کی کوشش کی۔




فرحان جونیجو نے پہلے اپنے اور اپنی والدہ کے اکائونٹ میں یہ رقم جمع کرائی بعدازاں بینک کے ایک ادنی اہلکارکے نام پرکھولے گئے اکائونٹ ایک کروڑ20لاکھ جمع کرائے اور بعد ازاں بنگلہ نمبر 53/2گلی نمبر 28 خیابان بادبان کی خریداری کیلیے اسی بینک اکائونٹ کاپے آرڈر سے ادائیگی کی جبکہ75 سالہ خاتون کے نام پرکھولے جانے والے غیرملکی کرنسی کے بینک اکائونٹس میں اوپن سے خریدے جانے والی غیر ملکی کرنسی کیش کی صورت میں جمع کرکے بیرون ملک منتقل کی گئی۔

دلچسپ امریہ ہے کہ خاتون اوربینک ملازم اپنے نام پرکھولے جانے والے اکائونٹس سے مکمل طورپرلاعلم تھے،خاتون کاموقف ہے کہ ان کے فرحان جونیجو کی والدہ سے دیرینہ مراسم ہیں اوراسی مناسبت سے کسی معاملے پرانھوں نے فرحان جونیجو کو اپنا شناختی کارڈ دیا تھا تاہم انھیں قطعاًعلم نہیں تھاکہ ان کے نام پرکھولے جانے والے فارن کرنسی اکائونٹس کے ذریعے رشوت کی رقم بیرون ملک منتقل کی گئی ہے،ایف آئی اے نے حقائق سامنے آنے کے بعدفرحان جونیجوکی اہلیہ کے بھائی اور بینک منیجرروحیل جمال ہاشمی کو گرفتار کرلیاہے،ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں جلدمزید انکشافات متوقع ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story