ایران ایک سال میں جوہری بم بنا سکتا ہے برطانوی وزیر خارجہ

اب بھی وقت ہے ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدے کو بچایا جا سکتا ہے، جیریمی ہنٹ

برسلز میں جوہری معاہدے سے متعلق برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہونے جارہی ہے (فوٹو : فائل)

برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے یورپی یونین کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو امریکا کے دست بردار ہونے کے باوجود ختم ہونے سے نہیں بچایا جاسکا تو ایران ایک سال کے اندر جوہری بم تیار کرسکتا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ہمارا اتحادی ہے لیکن ایرانی جوہری معاہدے پر امریکی پالیسی سے متفق نہیں اور جوہری معاہدے کو بچانے کی تمام کوششیں بروئے کار لائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ایران جوہری بم تیار کرتا ہے تو اس کے پاس ایک سال سے کم وقت بچا ہے، یورپی یونین کو سمجھنا ہوگا کہ جوہری معاہدے کو بچانے کا موقع ہاتھ سے نکلا جا رہا ہے۔


برطانوی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اگرایران جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اسے روکنے کے لیے ہر دستیاب عمل کو اپنائیں گے جس کے یورپی ممالک پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے گی۔

دوسری جانب فرانس کے قومی دن کے موقع پر جاری مشترکہ بیان میں برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے خاتمے کو روکنے کے لیے ذمہ داری نبھانا ہوگی تاکہ خطے میں قیام امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

ادھر ایرانی صدر حسن روحانی نے ایک بار پھر اپنا موقف بیان کیا کہ اگر امریکا عالمی جوہری معاہدے میں دوبارہ سے فریق بنتا ہے اور ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرتا ہے تو ہم بھی بات چیت کے لیے تیار ہے۔
Load Next Story