افغانستان میں امریکی قونصل خانے پر خودکش حملہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک 18 زخمی
افغانستان کے صوبہ ہرات میں امریکی قونصل خانے پر خودکش بم حملے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک اور 4 پولیس اہلکاروں سمیت 18 زخمی ہوگئے۔
مقامی حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے راکٹ لانچروں، دستی بموں اور بارود سے بھری گاڑی آج صبح امریکی قونصلیٹ سے ٹکرا دی جس سے زور دار دھماکا ہوا اور قونصل خانے کا گیٹ پوری طرح تباہ ہوگیا، دھماکے کے بعد خودکش حملہ آور کے ساتھیوں نے قونصل خانے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہاں سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار اور ایک گارڈ ہلاک ہوگیا، حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔
دوسری جانب امریکی سفارت خانے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حملے میںامریکی قونصل خانے کا کوئی اہلکار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔