معاشی بحران سے توجہ ہٹانے کے لیے شہباز شریف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے خواجہ آصف

بدترین انتقامی کارروائیاں موجودہ حکومت کی شناخت بن چکی ہیں، رہنما (ن) لیگ


ویب ڈیسک July 16, 2019
بدترین انتقامی کارروائیاں موجودہ حکومت کی شناخت بن چکی ہیں، رہنما (ن) لیگ۔ فوٹو:فائل

رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ معاشی بحران سے توجہ ہٹانے کے لیے شہباز شریف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے، بجٹ کی وجہ سے مہنگائی آئی، ایک سال میں 3 بجٹ پیش کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے عام آدمی کی زندگی اور کاروبار پر اثر پڑا، نہ تو کسی حکومتی رکن نے ٹیکسز کی بھر مار پر بات کی اور نہ ہی کسی حکومتی عہدیدار نے عوامی مسائل پربات کی، جن صاحب نے بجٹ پیش کیا انہیں فوری نوازا گیا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، معاشی بحران سے توجہ ہٹانے کے لیے شہباز شریف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، مریم نواز کو بھرپور عوامی پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ پر ایف آئی آر مضحکہ خیز ہے، یہ سیاسی حکومتوں کی توہین ہوتی ہے جب کہ بدترین انتقامی کارروائیاں موجودہ حکومت کی شناخت بن چکی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم کوئی بات کریں تو کہیں گے کہ این آر او مانگ رہے ہیں تاہم این آر او نہیں مانگ رہے، آخر تک یہ جنگ لڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کو 2002 اور 2003 میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ہم نے مشرف دور میں بھی جیلیں کاٹی ہیں، جیلیں کاٹنے کے بعد بھی آج ایوان میں ہوں اور دیکھیں مشرف کہاں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔