عراق کے مرکزی شہر بعقوبہ میں مسجد کے باہر 2 بم دھماکوں کے نتیجے میں 30 افراد جان بحق جبکہ 25ا زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراقی پولیس کا کہنا ہے کہ بعقوبہ میں سڑک کے کنارے نصب 2بم اس وقت پھٹے جب نمازی جمعہ کی نماز کے بعد مسجد الاسلام سے نکل رہے تھے جس کے نتیجے میں 30 افراد جان بحق اور 25 زخمی ہو گئے، امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے دھماکوں کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خد شہ ہے، کسی بھی گروپ کی جانب سے تاحال ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے اعدادو شمار کے مطابق عراق میں رواں سال پر تشدد واقعات میں کم از کم 4000افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 800 کے قریب ہلاکتیں صرف اگست کے مہینے میں ہوئیں۔