امن و امان کی غیر یقینی صورتحال کے باعث انسداد پولیو مہم متاثر

گڈاپ ٹاؤن،اورنگی ٹاؤن اورصدر ٹاؤن میں مہم کے مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں کیے جاسکے۔


Staff Reporter September 14, 2013
ایم این اے عذرا پیچوہو کااجلاس میں سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کااظہار، روٹین ایمونائزیش کی کوریج کو فوری طور پربہتربنانے کی ہدایت فوٹو: فائل

BOSTON: کراچی میں امن وامان کی غیریقینی صورتحال اورسیکیورٹی کی وجہ سے انسداد پولیومہم شدید متاثرہورہی ہے اوریہی وجہ ہے کراچی کے 3ٹاؤنز میں موثر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے مہم کے مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں کیے جا سکے۔

مہم کے دوران پولیو رضاکاروں کوسیکیورٹی نہ ملنے پر بھی شدید تحفظات سامنے آئے ہیں،جمعہ کو سندھ سیکریٹریٹ میں رکن قومی اسمبلی عذرا پیچوہوکی سربراہی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کراچی سمیت اندرون سندھ میں پولیومہم کے نتائج وکارکردگی کا جائزہ لیا گیا،انھوں نے اجلاس میں پولیومہم کے دوران رضاکاروںکو تحفظ فراہم کرنے اور سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کااظہارکیا،اجلاس میں وزیر اعظم پولیو مانیٹرنگ سیل کے سربراہ الطاف بوسن ،ای ڈی اوہیلتھ کراچی ڈاکٹرظفر اعجاز ، اسپیشل سیکریٹری صحت اورعالمی ادارہ صحت کے نمائندے سمیت پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اورای پی آئی کے سربراہ ڈاکٹر مظہر خمیسانی نے بھی شرکت کی،اجلاس میں کراچی میں انسداد پولیومہم کے دوران پولیو رضا کاروں کو بروقت سیکیورٹی فراہم نہ کرنے کا بھی سخت نوٹس لیا گیا ۔

بتایا گیا کہ انسدادپولیومہم کے دوران ورکروں کو تحفظ فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمے داری ہوتی ہے،پولیو ورکروںکومہم کے دوران بروقت پولیس اہلکار فراہم نہیں کیے جاتے جس کی وجہ سے مہم شدید متاثر ہورہی ہے۔



ذرائع نے بتایاکہ اجلاس میں گڈاپ ٹاؤن ، صدر ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن کی کارکردگی انتہائی خراب ہونے پر سخت برہمی اور تشویش کا بھی اظہار کیا گیا، ان تینوں ٹاؤنزمیں امن و امان اور پولیو رضاکاروں کو بروقت سیکیورٹی نہ ملنے کی وجہ سے کارکردگی شدید ناقص رہی، اجلاس میں متعلقہ حکام پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے عذرا پیچوہو نے کہا کہ پولیومہم کی کارکردگی کے مطلوبہ مقاصد حاصل نہ کیے جانے پر پاکستان کوعالمی اداروں کے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔

عذرا پیچوہو نے کراچی سمیت صوبے میں بچوں کو مہلک امراض سے محفوظ رکھنے کیلیے روٹین ایمونائزیشن کی کوریج کو بھی مزید بہتربنانے پر زوردیا اورکہا کہ بچوںکو تمام امراض سے بچاؤکی حفاظتی خوراک کو یقینی طور پر پلانے کیلیے موثر اقدامات اور مختلف تجاویز زیرغور ہیں، روٹین ایمونائزیشن کی شرح کو مزید بہتر بنانے کیلیے لیڈی ہیلتھ ورکروں کوشامل کیا جائے، انھوں نے ہدایت دی کہ لیڈیز ہیلتھ ورکروں کے مسائل حل کیے جائیں ، اجلاس میں بتایا گیاکہ گڈاپ ، اورنگی اورصدر میں انسداد پولیو مہم کے دوران پولیس اہلکاروں کی بروقت موجودگی نہ ہونے اوررضاکاروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی کی وجہ سے یہاں انسداد پولیومہم متا ثر ہوئی ہے، یہی وجہ ہے کہ ان تینوں ٹاؤنز میں انسداد پولیو مہم 19اگست سے شروع کی گئی تھی جو اب جاری ہے پولیومہم کی طوالت پر عذرا پیچوہو نے برہمی کا اظہار کیا اور پولیس کے اعلیٰ حکام کوہدایت دی کہ وہ انسداد پولیومہم سے قبل رضاکاروں کے ساتھ پولیس اہلکاروں کی نفری تعینات بھی کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں