نیب اورعمران نیازی نے ملک میں تماشہ لگا رکھا ہے شہبازشریف

احتساب کے نام پر (ن) لیگ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اپوزیشن لیڈر


ویب ڈیسک July 18, 2019
عمران خان مکمل طور پر ناکام، ضدی، غصے سے بھرا ہوا وزیراعظم ہے، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیب عمران نیازی کے ہاتھ میں آلہ کار بنا ہوا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، نیب کے ادارے کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، نیب اور عمران نیازی کی ملی بھگت سے مسلم لیگ (ن) پر وار ہوا ہےجب کہ نیب عمران نیازی کے ہاتھ میں آلہ کار بنا ہوا ہے اور شاہد خاقان عباسی کو بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا لیکن ہم ایسے اوچھے ہتھگنڈوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ احتساب کے نام پر یہ (ن) لیگ کے خلاف سیاسی انتقام ہے، نیب کےعقوبت خانوں میں ساری (ن) لیگ کی قیادت پڑی ہے، غصے، ناکامی، نااہلی کا سارا نزلہ (ن) لیگ پر گر رہا ہے، جنھوں نے مسائل حل کیے آج وہ انتقام کا نشانہ بن رہے ہیں، ان اقدامات سے ملک کی جگ ہنسائی ہوتی ہے اور اپوزیشن کو ننگی گالیاں دینے والے کو وفاقی وزیر بنا دیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پاکستانی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا، ڈالر بڑھنے سے آج قرضوں میں کھربوں روپے کا اضافہ ہو چکا ہے، عوام پر ٹیکس کا کلہاڑا چلایا گیا، غریب کیلئے جینا مشکل ہو گیا ہے، کہاں سے مہنگی روٹی لائے، 15 روپے کی روٹی ہو تو خاندان کا کھانا کہاں تک جائے گا، جو ادویات ہمارے دور میں مفت ملتی تھیں آج ناپید ہیں جب کہ اب تو تاجر برادری بھی چیخ اٹھی ہے اور ہڑتال میں کوئی سیاسی آمیزش نہیں تھی، مجھے اور میرے ساتھیوں کو ہڑتال کا کوئی علم نہیں تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم سے غلطیاں ہوئی ہوں گی، ہم بھی انسان ہیں لیکن خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں ایک طالبعلم، مریض، عوام کی خدمت کی، ہمارے منصوبے عمران خان کو سونے نہیں دیتے، عمران خان مکمل طور پر ناکام، ضدی، غصے سے بھرا ہوا وزیراعظم ہے، قوم عمران خان سے حساب لے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں