گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

ذاتی وجوہات کی بنا پر مزید کام جاری نہیں رکھ سکتا اس لئے ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا جائے، گورنر سندھ کے استعفے کا متن

ڈاکٹر عشرت العباد 11 سال کے طویل ترین عرصے تک ایک ہی صوبے کے گورنر رہنے والی واحد شخصیت ہیں، ذرائع فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اپنا استعفیٰ ایوان صدر فیکس کردیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر اس عہدے پر مزید کام جاری نہیں رکھ سکتے اس لئے ان کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا جائے۔


دوسری جانب گورنر سندھ کو کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر تحفظات تھے اور انہوں نے ان تحفظات سے وفاقی اور صوبائی حکومت کو آگاہ بھی کردیا تھا تاہم ایوان صدر کی جانب سے کسی بھی قسم کا تسلی بخش جواب نہ ملنے پر انہوں نے اپنی جماعت کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد استعفیٰ دے دیا۔

ڈاکٹرعشرت العباد خان نے 27 دسمبر 2002 کو گورنر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا وہ 11 سال کے طویل ترین عرصے تک ایک ہی صوبے کے گورنر رہنے والی واحد شخصیت ہیں، اس کے علاوہ انہیں ملک کا کم عمر ترین گورنر ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

 
Load Next Story