KABUL:
بھارتی پولیس نے اڑیسہ کے ضلع ملکان گری میں مقابلے کے بعد ایک خاتون سمیت14باغیوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپوٹس کے مطابق اڑیسہ پولیس کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل پرکاش مشرا کا کہنا ہے کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ تقریباً 100 نکسل باغی اڑیسہ کی سرحد میں داخل ہو رہے ہیں جس پر ملكا ن گری پولیس نے کارروائی کی اور جیسے ہی نکسل باغی چھتیس گڑھ کی سرحد پر واقع دریا پار کر کے اڑيسہ کی حدود میں داخل ہوئے تو پولیس نے ان پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 14 باغی ہلاک ہوئے جبکہ ان کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ اڑیسہ میں نکسل باغیوں نے بھارت کی حکومت کے خلاف علیحدگی کی تحریک شروع کر رکھی ہے اور اس علاقے پولیس اور باغیوں کے مابین جھڑپیں معمول کا حصہ ہیں۔