امریکا نے غلطی سے اپنا ہی ڈرون مار گرایا ہے ایران

صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز پر ایرانی ڈرون کو امریکی جہاز کے قریب آنے پر مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا

آبنائے ہرمز پر امریکی بحری بیڑے پر ’اینٹی ڈرون بگھی‘ گول دائرے میں دکھائی دے رہی ہے۔ فوٹو : پینٹاگون

ایران نے آبنائے ہرمز میں ڈرون مار گرائے جانے کے صدر ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عین ممکن ہے امریکا نے خود اپنا ڈرون مار گرایا ہو۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنی ایک ٹویٹ میں صدر ٹرمپ کی جانب سے ایرانی ڈرون مار گرانے کے دعوے کو مسترد کردیا۔

نائب وزیر خارجہ نے لکھا کہ ایران کے پاس اپنے تمام ڈرون موجود ہیں اور کوئی ایک بھی ڈرون آبنائے ہرمز یا کسی اور جگہ غائب نہیں ہوا تاہم میں پریشان ہوں کہ کہیں امریکی فورسز نے غلطی سے اپنا ہی ڈرون تو مار نہیں گرایا؟




قبل ازیں امریکی صدر نے آبنائے ہرمز پر ایرانی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی جنگی جہاز 'یو ایس ایس باکسر' کی متعدد بار تنبیہ کے باوجود ایرانی ڈرون کے ایک ہزار گز تک قریب آنے پر عملے کی سلامتی کو یقینی باننے کے لیے ایرانی ڈرون مار گرایا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا کا آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکا کو تیل سپلائی پر مامور سعودی جہازوں پر حملے کے بعد سے حالات نہایت کشیدہ ہیں اور امریکا نے جنگی طیارے بردار اپنا بحری بیڑہ تعینات کردیا ہے اور قطر میں اپنے فوجی بیس میں خطرناک جنگی طیارے بھی اتار دیئے ہیں۔
Load Next Story